رسائی کے لنکس

یورپی فضائی کمپنیاں تہران کے لیے پروازیں شروع کریں گی: ایران


ایران کے جوہری عزائم کے باعث اس پر مغربی ممالک کی طرف سے پابندیاں عائد کرنے کے بعد یورپی فضائی کمپنیوں نے ایران کی پروازیں بند کر دی تھیں۔

ایران کے سرکاری اخبار نے کہا ہے کہ یورپی فضائی کمپنیاں پانچ سال میں پہلی مرتبہ تہران میں اپنی پروازیں دوبارہ شروع کریں گی۔

جمعرات کو روزنامہ ’ایران‘ نے ملک کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نائب سربراہ محمد خداکرمی کے حوالے سے کہا کہ برطانوی فضائی کمپنی برٹش ایئرویز کے حکام نے بدھ کو پروازیں دوبارہ شروع کرنے کے لیے تہران کا دورہ کیا تھا۔

انہوں نے اس کے متعلق مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

انہوں نے کہا کہ ایئر فرانس اور ہالینڈ کی قومی فضائی کمپی کے ایل ایم پہلے ہی تہران کی پروازیں بحال کرنے پر آمادگی کا اظہار کر چکی ہیں۔

ایران کے جوہری عزائم کے باعث اس پر مغربی ممالک کی طرف سے پابندیاں عائد کرنے کے بعد یورپی فضائی کمپنیوں نے ایران کی پروازیں بند کر دی تھیں۔

یورپی ائیرلائنز کی پروازیں بند ہونے کے بعد ایران کی قومی فضائی کمپنی ایران ایئر کی لندن کے لیے ہفتہ وار تین پروازیں اور پیرس اور ایمسٹرڈیم کے لیے ہفتہ وار دو دو پروازیں جاتی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال طے پانے والے جوہری معاہدے کے تحت ایران پر عائد عالمی پابندیاں حال ہی میں ہٹائی گئی ہیں اور ایران کے صدر حسن روحانی اس وقت یورپ کے دورے پر ہیں۔

XS
SM
MD
LG