رسائی کے لنکس

نئی دہلی میں پی آئی اے کے دفتر پر 'انتہا پسندوں' کا دھاوا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستانی ہائی کمشنر نے بھارتی حکومت سے واقعے کی تحقیقات اور پی آئی اے کے دفتر کو مناسب سکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں مشتبہ ہندو انتہا پسندوں کے ایک گروہ نے پاکستان کی قومی فضائی کمپنی "پی آئی اے" کے دفتر پر دھاوا بولا اور یہاں توڑ پھوڑ کی ہے۔

سرکاری ذرائع ابلاغ اور پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق انتہا پسندوں نے دفتر کی کھڑکیاں توڑ دیں اور کمپیوٹرز کو بھی نقصان پہنچایا۔ تاہم یہاں موجود عملہ محفوظ رہا۔

پاکستانی ہائی کمشنر نے بھارتی حکومت سے واقعے کی تحقیقات اور پی آئی اے کے دفتر کو مناسب سکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس واقعے کے بعد فضائی کمپنی کی سرگرمیاں فی الحال جاری رکھنے کا بتایا گیا ہے۔

بھارت میں انتہا پسند ہندوؤں کی طرف سے پہلے بھی یہاں آنے والے فنکاروں اور دیگر شخصیات کے خلاف مظاہرے دیکھنے میں آچکے ہیں۔

یہ تازہ واقعہ ایک ایسے وقت رونما ہوا ہے جب دونوں ہمسایہ ایٹمی قوتوں کے مابین تعلقات ماضی کی نسبت قدرے بہتری کی طرف گامزن دکھائی دیتے ہیں۔

گزشتہ سال بھی بھارت نے پی آئی اے کے دفاتر کے لیے خریدی گئی جائیداد سے متعلق مبینہ بے ضابطگیوں پر نوٹس جاری کیے تھے جب کہ یہاں موجود عملے کے ویزوں میں توسیع کا معاملہ بھی التوا کا شکار رہا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان پی آئی اے ہی واحد فضائی رابطہ ہے اور پاکستانی فضائی کمپنی کی ہفتہ وار دو پروازیں لاہور سے دہلی اور ایک پرواز کراچی سے ممبئی کے مابین چلتی ہے۔

XS
SM
MD
LG