رسائی کے لنکس

ٹی وی اینکر ریحام خان کی نامناسب تصاویر پر فیس بک کی کارروائی


ریحام خان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ''مغربی مطبوعات نے گمراہ کیا ہے جس کی وجہ سے پاکستان کی مذہبی قدامت پسند ثقافت مجھ پرحملہ کر رہی ہے یہ سائبر تشدد کی ایک صورت ہے ۔''

پاکستان میں حزب مخالف کی ایک بڑی جماعت تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اورمعروف ٹی وی اینکر ریحام خان کی شادی کی افواہیں گذشتہ کئی روز سے گرم ہیں اگرچہ عمران خان کی جانب سے شادی کی خبروں کومبالغہ آمیز قراردیا گیا ہے لیکن سوشل میڈیا پرافواہوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے ۔

پاکستانی نژاد برطانوی خاتون اینکر ریحام خان کوعمران خان کےساتھ مبینہ شادی کی خبروں کے بعد سماجی رابطےکی ویب سائٹ فیس بک پرنفرت انگیز مہم کےذریعے آن لائن "ہتک" کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

آن لائن مخالفین کی جانب سے بنائے جانے والے فیس بک صفحات پر ریحام خان کی "نامناسب تصاویر" پوسٹ کرکے ان کے کردار کے حوالے سے الزام تراشی کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ تاہم 'دی نیوز ٹرائب' کے مطابق فیس بک انتظامیہ نے پوسٹ کی جانے والی نامناسب تصاویر اور ویڈیو کلپ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ فیس بک پیج حذف کر دیا ہے۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق پی ٹی آئی کے قائد عمران خان کی ڈان نیوز کی اینکر ریحام خان کے ساتھ شادی کی افواہ کا پاکستان میں اورخاص طور پر سوشل میڈیا پر منفی ردعمل نظر آرہا ہے اور ریحام خان کی "نازیبا تصاویر" کی اشاعت انٹرنیٹ پر گردش کرتی نظر آرہی ہیں۔

بعد ازاں میل آن لائن نے فیس بک پرپوسٹ کی جانے والی ریحام خان کی نامناسب تصاویرشائع کیں اور ان کےمغربی لباس کی تصاویر اور رقص کی ویڈیو کے حوالے سے آن لائن مخالفین کی تنقید کا ذکر کیا ہے۔

عمران خان نے چند روز پہلے ٹوئیٹر پر اپنےکارکنوں کو پیغام دیا تھا کہ ان کی شادی کی افواہ کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جارہا ہے اور جمعرات کوایک وضاحتی بیان میں انھوں نے کہا کہ شادی کے لیے مجھے مناسب وقت کا انتظار ہے اس وقت سانحہ پشاورکی وجہ سے قوم سوگ میں مبتلا ہے بہترہوگا کہ ہم مناسب وقت کا انتظار کریں۔

ریحام خان لیبیا میں پیدا ہوئی ہیں اور زیادہ وقت برطانیہ میں رہی ہیں جہاں وہ بی بی سی کے لیے موسم کی خبریں پیش کرتی رہی ہیں۔ شادی کی افواہوں اورفیس بک پر نامناسب تصاویر پوسٹ کئے جانے پر وہ کافی دلبرداشتہ نظر آتی ہیں انھوں نے ٹوئیٹرکے صفحے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ''پاکستان میں دوسال کی انتھک محنت کے لیے، اپنے خاندان سے دور رہنے کے لیے اور پاکستان سے پیار کرنے کا صلہ انھیں جھوٹ اور فوٹو شاپ تصاویر کی صورت میں ملا ہے۔''

ریحام خان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ''مغربی مطبوعات نے گمراہ کیا ہے جس کی وجہ سے پاکستان کی مذہبی قدامت پسند ثقافت مجھ پرحملہ کر رہی ہے یہ سائبر تشدد کی ایک صورت ہے ۔''

ریحام خان نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئیٹ کی کہ ''میں نے پاکستانی قوم سے صرف پیار اور تعریف وصول کی ہے،ذاتی ایجنڈے کے ساتھ مٹھی بھر لوگ سارا پاکستان نہیں ہیں ۔''

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی بہن علیمہ خان نے عمران خان کی شادی کی خبر کی تردید کی ہے لیکن دونوں کے درمیان خفیہ تعلقات کےحوالے سے پوچھے جانے والے سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔

عمران خان کی شادی کی افواہ کے بارے میں عمران خان کی بہن علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ''ہمیں بے حد خوشی ہوگی اگرعمران شادی کرکے اپنا گھر بسا لیتے ہیں لیکن یہ ان کا ذاتی غورطلب فیصلہ نہیں ہے بلکہ یہ ایک قومی سطح کا فیصلہ ہے۔''

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ حزب اختلاف کی طرف سے ان کے بھائی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے کیونکہ "ان کے پاس یہی ایک راستہ بچا ہے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنے کا مجھے یہ سیاست لگتی ہے۔"

واضح رہے کہ عمران خان نے اگست میں اسلام آباد میں دھرنے کے شرکاء کو بتایا تھا کہ وہ دھرنا ختم کرنے کے بعد شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جس کے بعد سےذرائع ابلاغ میں ان کی شادی کی خبریں آئے دن گردش کرنے لگی تھیں ۔

ڈیلی میل کے مطابق ،برطانوی سرمایہ دار گولڈ اسمتھ کی صاحبزادی اورعمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما خان نے عمران خان کے اس بیان پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنے نام کے ساتھ عمران خان کا خاندانی نام 'خان ' استعمال نہیں کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے بچوں کی اس نام کے ساتھ نسبت ہے اور یہ نام ان کی دہری شناخت کی بھی پہچان ہے لیکن عمران خان کی دوسری شادی کے بعد انھیں اپنا نام تبدیل کرنا پڑ سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG