رسائی کے لنکس

پاکستانی دفتر خارجہ کا فائی کی گرفتاری پر اظہار تشویش


پاکستانی دفتر خارجہ نے کشمیری امریکی کونسل کے ایگزیکیٹو ڈائرکٹر ڈاکٹر غلام نبی فائی کی حراست پر پاکستان میں امریکی سفارت خانے سے اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ایک پریس ریلیز میں ڈاکٹر فائی اور کشمیری امریکی کونسل کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کشمیر امریکی کونسل مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے اور اس مقصد کو بدنام کرنے کی مہم اسکے برحق ہونے کو متاثر نہیں کرسکتی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر فائی ایک امریکی شہری ہیں۔

بیان کے مطابق پاکستان میں امریکی سفارت خانے کو ایک احتجاجی مراسلہ بھیجا گیا ہے جس میں خصوصا پاکستان کو بدنام کرنے کی مہم پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

امریکی تحقیقاتی ایجنسی ایف بی آئی کے مطابق ڈاکٹر فائی کو 'فارن ایجنٹس رجسٹریشن ایکٹ' کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

62 سالہ امریکی شہری ڈاکٹر فائی پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ اپنی تنظیم 'کشمیری امریکن کونسل' کےذریعے کشمیر کے متنازعہ خطے کے متعلق امریکی پالیسیوں پر اثر انداز ہونے کی غرض سے امریکی کانگریس اور وہائٹ ہائوس میں لابنگ کرتے رہے ہیں جس کے عوض وہ 90ء کی دہائی کے وسط سے پاکستانی حکومت سے سالانہ 7لاکھ ڈالرز تک وصول کر رہے تھے۔

XS
SM
MD
LG