رسائی کے لنکس

”پاکستان میں گرفتاریوں کی اطلاعات درست نہیں“


”پاکستان میں گرفتاریوں کی اطلاعات درست نہیں“
”پاکستان میں گرفتاریوں کی اطلاعات درست نہیں“

پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل اطہر عباس نے کہا ہے کہ اُنھیں یقین ہے کہ تحریک طالبا ن پاکستان بیر ون ملک دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی اس لیے نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں ناکام کار بم دھماکے میں ان عسکریت پسندوں کے کردار کے دعویٰ میں کوئی حقیقت نہیں ۔ اُنھوں نے کہا کہ کوئی شخص بھی ایسا دعویٰ کرسکتا ہے” لیکن دیکھنا یہ ہے کہ آیا وہ عملی طور پر ایسا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے یا نہیں“۔

اس واقعے میں ملوث پاکستانی نژاد امریکی شہری فیصل شہزاد کے بارے میں وائس آف امریکہ سے بات چیت میں جنرل عباس نے کہا کہ قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان سے تعلق اور وہاں تربیت کے حصول کے حوالے سے فیصل شہزاد کے دعوؤں کی تحقیقات کی جارہی ہیں اس لیے درست حقائق کے سامنے آنے تک اس معاملے پر کوئی بیان دینا قبل از وقت ہو گا۔

اُنھوں نے کہا کہ فیصل شہزاد کے پاکستان میں رابطوں کی تحقیقات کے دوران گرفتاریوں کی اطلاعات درست نہیں۔

فیصل شہزاد کے اقرار جرم پر پشاور کے قریب پبی کے مقام پر اُن کے آبائی گاؤں محب بانڈہ کے رہائشی اور خود فیصل کے عزیز واقارب بھی تعجب کا اظہار کر رہے ہیں۔ اُن کا ماننا ہے کہ فیصل شہزاد کے خاندان کوعلاقے میں انتہائی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور ماضی میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی کہ اس خاندان کا کسی مذہبی گروہ یا جماعت سے کوئی تعلق رہا ہو۔

اس بارے میں حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی پلوشہ بہرام نے وائس آف امریکہ کوبتایا کہ بظاہر ایک فرد کی حیثیت میں اُٹھائے جانے والے اس اقدام کے اثرات پاک امریکہ تعلقات پر نہیں پڑیں گے کیوں کہ اُن کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک طویل جدوجہد کے بعد باہمی تعلقات اور عوامی سطح پر رابطوں کو اس نہج پر لانے میں کامیاب ہوئے ہیں جہاں محض ایک واقعے سے سب کچھ پیچھے نہیں دھکیلا جاسکتا۔

XS
SM
MD
LG