رسائی کے لنکس

پاکستانی نژاد امریکی اداکار فرحان طاہر ’سپرگرل‘ کے کمانڈر بن گئے


فلم ’آئرن مین‘ کے کردار ’رضا‘ کے بارے میں فرحان کا کہنا تھا کہ انہوں نے رضا کو مذہبی انتہا پسند دکھانے کے بجائے اختیار اور طاقت کا بھوکا شخص دکھانے کے بارے میں ڈائریکٹر سے بات کی تھی۔ انہوں نے نہ صرف بات سنی بلکہ فوراًیہ آئیڈیا قبول بھی کرلیا

پاکستانی نژاد امریکی اداکار فرحان طاہر اب دکھائی دیں گے۔ مقبول امریکی ٹی وی سیریز ’سپرگرل‘ میں ایلیئن کمانڈر۔۔یعنی خلائی مخلوق کے روپ میں۔

ہالی وڈ فلموں کے شائقین کے لئے فرحان طاہر کا نام نیا نہیں۔فلم ’آئرن مین‘، ’اسٹارٹریک‘ اور ’ایلی سیم‘ جیسی بلاک بسٹر فلموں میں فرحان اپنے ادا کئے ہوئے کرداروں کے ذریعے پہلے ہی فلم بینوں کا دل جیت چکے ہیں۔

فرحان طاہر ’سپرگرل‘ کے پائلٹ کی شوٹنگ سے فارغ ہو چکے ہیں۔ دنیا بھر سے اپنے بہترین کام کے لئے ستائش سمیٹنے والے فرحان نے ’ہفنگٹن پوسٹ‘ کو انٹرویو میں ’سپر گرل‘ کے بارے میں بتایا کہ ’سپرگرل تفریح سے بھرپور شو ہے۔اس میں میرا کردار کمانڈر کا ہے جو بیک وقت بے رحم بھی ہے اور شرارتی بھی‘۔

کامک بک کریکٹر ’سپرگرل‘ پر بنائی گئی ٹی وی سیریز رواں سال کے آخر یا اگلے سال کے شروع میں سی بی ایس نیٹ ورک سے پیش کی جائے گی۔

فرحان طاہر نے انٹرویو کے دوران ہالی وڈ میں بطور مسلمان ایکٹر اپنا تجربہ بھی شیئر کیا اور ان کوششوں کا بھی ذکر کیا، جو انہوں نے مغرب میں مسلمانوں کا امیج بدلنے کے لئے کیں۔

فلم ’آئرن مین‘ کے کردار’رضا‘ کے بارے میں فرحان کا کہنا تھا کہ انہوں نے رضا کو مذہبی انتہاپسند دکھانے کے بجائے اختیار اور طاقت کا بھوکا شخص دکھانے کے بارے میں ڈائریکٹر سے بات کی تھی۔ انہوں نے نہ صرف بات سنی بلکہ فوراً یہ آئیڈیا قبول بھی کرلیا۔

فرحان کے بقول ’میں جب بھی کوئی آفر قبول کرتا ہوں اپنے بیک گراوٴنڈ کو دھیان میں رکھتا ہوں۔ میری کوشش ہوتی ہے کہ روایتی بیک گراوٴنڈ کو میرے کسی رول سے ٹھیس نہ پہنچے۔‘

فرحان طاہر نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 1994میں ڈزنی فلم ’دی جنگل بک‘ میں نتھو کے رول سے کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے سنہ 1997 میں ’ پکچر پرفیکٹ‘، 1999ء میں ’اینی وئیر بٹ ہیئر‘ اور2007ء میں ’ولسنز وار‘ جیسی فلمیں کیں جبکہ اصل شہرت انہیں ’آئرن مین‘ اور ’اسٹارٹریک‘ سے ملی جو بالترتیب 2008ء اور 2009ء میں ریلیز ہوئی تھیں۔

XS
SM
MD
LG