رسائی کے لنکس

فواد خان، سونم کپور کے گُن گانے لگے


فلم کا فیس بک پیج کیا لانچ ہوا، 48 گھنٹوں کے اندر اندر ہی خواتین فینز کے فواد کیلئے پسندیدگی سے بھرے پیغامات کی بھرمار ہوگئی۔۔۔لیکن، دوسری طرف خود فواد ’کپور فیملی‘ کے گن گا گا کر نہیں تھک رہے

پاکستانی ڈراموں کے ڈیشنگ ہیرو، فواد خان کی پہلی بالی وڈ فلم ’خوبصورت‘ ابھی ریلیز بھی نہیں ہوئی کہ فلم اور فواد خان کے چرچے عروج پر پہنچ گئے۔ اس کا اندازہ فلم کے آفیشل’فیس بک‘ پیج سے بھی لگایا جا سکتا ہے۔

یہ پیچ کیا لانچ ہوا، 48گھنٹوں کے اندر اندر ہی خواتین فینز کے فواد کیلئے پسندیدگی سے بھرے پیغامات کی بھرمار ہوگئی۔۔۔لیکن، دوسری طرف، خود فواد ’کپور فیملی‘ کے گُن گا گا کر نہیں تھک رہے۔

بھارتی میگزین ’انڈیا ٹوڈے‘ نے فواد خان کے حوالے سے بتایا کہ وہ اپنی غیر معمولی پذیرائی پر خوش بھی ہیں اور کپورز، خصوصاً سونم کپور کے شکر گزار بھی۔ فواد خان کا کہنا تھا، ’انیل کپور صاحب، ریہا اور سونم سب نے مجھ سے ایسا برتاوٴ کیا جیسے میں ان کے خاندان کا ہی ایک فرد ہوں۔ نئی جگہ، نئے ماحول میں آدمی محتاط بھی ہوتا ہے اور مانوس ہونے میں بھی وقت لگتا ہے۔ لیکن، کپور فیملی نے اجنبیت کا احساس نہیں ہونے دیا۔

سونم کپور کی خصوصیت سے تعریف کرتے ہوئے، فواد خان نے کہا ’سونم بہت سوئٹ اور کئیرنگ ہے۔ کبھی کبھی میری شوگر لو ہوجاتی تھی، تو وہ خود جا کر میرے لئے کچھ نہ کچھ لے کر آتی تھی۔ حالانکہ، سونم کی دیکھ بھال اورکاموں کے لئے 10 لوگ موجود ہوتے تھے۔‘

سنہ 1980میں اسی نام سے بننے والی سپر ہٹ فلم ’خوبصورت‘کے ری میک میں فواد خان نے شاہی تمکنت میں مبتلا شہزادے کا کردار ادا کیا ہے، جبکہ سونم شوخ و چلبلی اور بے فکر لڑکی کے روپ میں نظر آئیں گی۔

والٹ ڈزنی پکچرز اور انیل کپور فلم کمپنی کی پروڈیوس کردہ رومینٹک کامیڈی ’خوبصورت‘ کو ڈائریکٹ کیا ہے ششانک گھوش نے۔ فلم 19ستمبرکو ریلیز کی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG