رسائی کے لنکس

سائبر کرائم، چوری شدہ معلومات کی خرید و فروخت


ایف بی آئی ذرائع کے مطابق، سائبر کرائم میں ملوث جن 70 افراد کے خلاف شواہد جمع کیے گئے ہیں، ان میں سے 12 کا تعلق امریکہ سے ہے جن کے خلاف فرد جرم عائد کردی گئی ہے، جبکہ بقیہ بیشتر اراکین کے خلاف سرچ وارنٹ جاری کردیے گئے ہیں

ایف بی آئی نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں سائبر کرائم میں استعمال ہونے والی چوری شدہ معلومات کی خرید و فروخت سے متعلق پہلا عالمی ٹولہ پکڑا گیا ہے۔

ادارے کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ ایک پریس رلیز مین بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں پھیلے ہوئے اس ٹولے کے 70 اراکین کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔

’ڈارکوڈ‘ نام سے قائم اس زیر زمین عالمی آن لائن تجارتی فورم کے خلاف ’آپریشن شورائڈڈ‘ گزشتہ کئی ماہ سے جاری تھی۔

آپریشن کے نتائج کے مطابق، امریکی محکمہٴانصاف اور دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ایف بی آئی کے پارٹنرز کی مدد سے’ڈارکوڈ‘ نامی اس عالمی فورم کے صرف انگریزی بولنے والے ممالک کے اراکین کے خلاف ثبوت اور شواہد جمع کئے جاسکے ہیں۔

ملزمان اس فورم کو دنیا بھر میں چوری شدہ ڈیٹا، کریڈیٹ کارڈ کی معلومات اور دیگر وہ آن لائین ٹولز کی خرید و فروخت اور تجارت کے لئے استعمال کررہے تھے جو سابئر کرائم کے ارتکاب میں استعمال ہوتے ہیں۔

ایف بی آئی کے مطابق، سائبر کرائم میں ملوث جن 70 افراد کے خلاف شواہد جمع کئے گئے ہیں ان میں سے 12 کا تعلق امریکہ سے ہے، جن کے خلاف فرد جرم عائد کردی گئی ہے، جبکہ بقیہ بیشتر اراکین کے خلاف سرچ وارنٹ جاری کردئے گئے ہیں۔

دنیا بھر کے سائبرکرائم کے بڑوں کے اس فورم کے خلاف کارروائی کے لئے 20 ممالک کی ایجنسیوں نے اشتراک کیا جس کی وجہ سے اس کارروائی کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دنیا کی سب سے بڑی کارروائی قرار دی جارہی ہے۔

ایف بی آئی میں سائبر کرائیم کے ڈپٹی ڈائریکٹر، مارک جیلیانو کے مطابق، یہ فورم دراصل آن لائن شاپنگ کا مرکز تھا جس کے لئے خفیہ کوڈ ’ڈارکوڈ‘ کے نام سے استعمال کیا جارہا تھا۔ بقول اُن کے، یہ دنیا کا پہلا منظم فورم تھا جو دنیا بھر میں سائبر کرائم میں ملوث عناصر چوری شدہ ڈیٹا کی خرید و فروخت کےلئے استعمال ہو رہا تھا۔

ایف بی آئی نے ڈارکوڈ کا ڈومین بند کردیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ سائبر کرائم میں ملوث عناصر کو دنیا بھر میں کہیں بھی محفوظ پناہ گاہ بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG