رسائی کے لنکس

فرگوسن: گرینڈ جیوری کے فیصلے کا انتظار


پیر کو فرگوسن میں لوگ گرینڈ جیوری کے فیصلے کے منتظر ہیں، آیا نو اگست کے شوٹنگ کے واقعے پر فرد جرم عائد ہوگا یا پولیس اہل کار کو باعزت بری کیا جائے گا؟

پیر کے روز امریکی ریاست مِزوری میں لوگ ’گرینڈ جیوری‘ کے فیصلے کے منتظر ہیں: آیا ڈیرن ولسن کا گولی چلانا جرم کے زمرے میں آئے گا، اور اُن پر فرد جرم عائد ہو سکتی ہے۔ واقعے میں، ایک سفید فام پولیس اہل کار نے سیاہ فام نوجوان، مائیکل براؤن پر گولی چلائی تھی، جس میں وہ ہلاک ہوگیا تھا۔

نام ظاہر کیے بغیر ذرائع کے حوالے سے، میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ استغاثہ پیر کی شام کسی بھی وقت فیصلے کا اعلان کر سکتا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق، فرد جرم عائد کیےجانے کے فیصلے کے اعلان کی صورت میں، امریکی صدر براک اوباما نے مظاہرین کو پُرامن رہنے کی تلقین کی ہے۔

اگر گرینڈ جیوری ولسن کو باعزت بری کرتا ہے تو اُس صورت میں، ملک بھر سے مظاہرین کے گروپ بڑی تعداد میں فرگوسن میں اکٹھے ہو سکتے ہیں۔

فرگوسن میں قانون کا نفاذ کرنے والے اہل کاروں نے منظم سرگرم گروہوں کے ساتھ ضابطے اپنانے سے متعلق طریقہ کار سے اتفاق کیا ہے۔ اُنھیں امید ہے کہ جب گرینڈ جیوری اپنا فیصلہ سنائے تو پُرامن مظاہروں کو یقینی بنایا جاسکے۔

تین ماہ قبل، فرگوسن کے مضافات میں واقع سینٹ لوئی کی گلیوں کے بیچ جھڑپوں کےایک واقع میں پولیس اہل کار، ڈیرن ولسن نے 18 برس کے مائیکل براؤن پر گولی چلائی تھی۔

اصل حقائق پر اختلاف رائے ہے، آیا نو اگست کو فی الواقع کیا ہوا۔ براؤن فیملی کے وکلا کا کہنا ہے کہ براؤن حکام کے سامنے ہتھیار ڈال رہے تھےجب اہل کار نے اُن پر گولی چلائی۔ ادھر، ولسن کے حامی کہتے ہیں کہ اُنھوں نے اپنے بچاؤ میں براؤن پر گولی چلائی۔

بارہ رکنی گرینڈ جیوری یہ فیصلہ کرے گا آیا ولسن کے خلاف قتل عمد، یا اتفاقی موت، یا غلطی سے ہلاکت کا الزام عائد کیا جائے۔

اس ہلاکت کے بعد، ہفتوں تک پُر تشدد احتجاجی مظاہرے اور لوٹ مار کے واقعات ہوتے رہے۔

تناؤ کے ایسے ماحول میں، کئی بار پولیس نے ضبط کا دامن کھویا، اور سختی برتی جس کے نتیجے میں احتجاج میں اضافہ ہوتا رہا۔ پولیس نے بکتربند گاڑیوں اور آنسو گیس کے استعمال کے حربے استعمال کیے۔

مزوری کے گورنر، جے نکسن نے پہلے ہی ریاست میں ہنگامی حالات کا اعلان کر رکھا ہے، اور ولسن کے خلاف فرد جرم عائد نہ ہونے کی صورت میں، نیشنل گارڈ کو بلایا جائے گا۔

جمعے کے روز، ہلاک ہونے والے نوجوان کے والد نے پُرامن رہنے کی اپیل کی۔ آن لائن پوسٹ ہونے والے ایک وڈیو پیغام میں، مائیکل براؤن سینئر نے کہا کہ کسی مزید فرد کو اذیت دینا یا املاک کو نقصان پہنچانا، کسی طور پر مایوسی کا جواب نہیں، جسے ’نسلی بے انصافی‘ کا نام دیا جاتا ہے۔

XS
SM
MD
LG