رسائی کے لنکس

برازیل بدستور 'فیفا' ٹاپ 10 رینکنگ سے خارج


'فیفا' کی نئی عالمی رینکنگ میں عالمی اور یورپین چیمپئن اسپین بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہے جب کہ جرمنی دوسرے نمبر پر ہے۔

فٹ بال کا پانچ بار عالمی چیمئن اور 2014ء کے فٹ بال ورلڈ کپ کا میزبان برازیل بین الاقوامی مقابلوں میں متاثر کن کارکردگی دکھانے کے باوجود ایک بار پھر 'فیفا' کی تازہ ترین 'ٹاپ 10' عالمی رینکنگ میں اپنی جگہ بنانے میں ناکام رہا ہے۔

واضح رہے کہ اپنے بیشتر میچز جیتنے کے باوجود فٹ بال کی عالمی درجہ بندی میں برازیل گزشتہ ایک برس سےمسلسل تنزلی کی جانب مائل تھا اور برازیل فٹ بال ٹیم تاریخ کی کم ترین پوزیشن یعنی چودہویں نمبر تک جاپہنچی تھی۔

فٹ بال کی منتظم بین الاقوامی تنظیم 'فیفا' کی جانب سے بدھ کو جاری کی جانے والی تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں برازیل کو ایک درجے بہتری کے بعد اب تیرہواں نمبر دیا گیا ہے۔

برازیل نے گزشتہ برس کے 'کوپا امریکہ ٹورنامنٹ' کے بعد سے اب تک کل 19 میچز کھیلے ہیں جن میں سے اس نے 15 میں کامیابی حاصل کی ہے۔

لیکن تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ چوں کہ ان میں سے بیشتر میچز دوستانہ تھے جنہیں 'فیفا' کے پیچیدہ رینکنگ نظام میں کم اہمیت دی جاتی ہے لہذا برازیل عالمی درجہ بندی میں اپنی پوزیشن بہتر نہیں بنا پارہا ہے۔

'فیفا' کی نئی عالمی رینکنگ میں عالمی اور یورپین چیمپئن اسپین بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہے جب کہ جرمنی دوسرے نمبر پر ہے۔

حال ہی میں یوراگوئے اور چلی کو ہرانے والی ارجنٹینا کی ٹیم ایک درجے بہتری کے بعد تیسرے نمبر پر آگئی ہے جب کہ پرتگال کو اپنی تیسری پوزیشن سے محروم ہو کر چوتھے نمبر پر جانا پڑا ہے۔

اٹلی پانچویں، انگلینڈ چھٹے، نیدرلینڈ ساتویں جب کہ کولمبیا آٹھویں نمبر پر ہے۔ عالمی درجہ بندی میں روس کو نواں اور کروشیا کو 10 واں نمبر دیا گیا ہے۔
XS
SM
MD
LG