رسائی کے لنکس

فیفا ایگزیکٹو کمیٹی کے دو ارکان معطل، جرمانہ عائد


فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے اپنی ایگزیکٹو کمیٹی کے دو ارکان کی رکنیت معطل کرتے ہوئے ان پہ بھاری جرمانے عائد کیےہیں۔

معطل ارکان پر الزام تھا کہ انہوں نے 2018 اور 2022 کے فٹبال ورلڈ کپس کے مقامات کے انتخاب کیلیے اپنے ووٹ فروخت کرنے کی پیشکش کی تھی۔ فیفا کی 24 رکنی کمیٹی خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہر چار سال بعد ہونے والے فٹبال کے عالمی ایونٹ کے انعقاد کیلیے میزبان ملک کا انتخاب کرتی ہے۔

2018 اور 2022 کے ورلڈ کپ کے وینیوز کا انتخاب 2 دسمبر کو ہونے والے کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

پابندیوں اور جرمانوں کا اعلان فیفا کی "ایتھکس کمیٹی" کے تین روز جاری رہنے والے اجلاس کے بعد جمعرات کے روز کیا گیا۔

فیفا میں نائجیریا کے نمائندے اموس ادامو پر رشوت ستانی سمیت فیڈریشن کے آئین کی پانچ شقوں کی خلاف ورزی کے الزامات ثابت ہونے پر آئندہ تین سال کیلیے فٹبال سے متعلق ہر قسم کی سرگرمی میں حصہ لینے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ان پر دس ہزار سوئس فرانکس (مساوی 10130 امریکی ڈالرز) کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

معطل کیے گئے دوسرے رکن رینالڈ تیماری کا تعلق بحیرہ احمر میں واقع جزائرِفرنچ پولینیشیا کے علاقے ٹاہیٹی سے ہے اور وہ اونیشیا فٹبال کنفیڈریشن کے صدر بھی ہیں۔ تیماری پر وفاداری اور عمومی معاملات سے متعلق فیفا کے قوانین کی خلاف ورزی کا جرم ثابت ہونے پر ایک سال کی پابندی اور پانچ ہزار سوئس فرانکس جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ تیماری فیفا ایگزیکٹو کمیٹی کے نائب صدر کے عہدے پر فائز تھے۔

فیفا کے سیکریٹری جنرل جیروم والکی کا کہنا ہے کہ دو ممبران کی معطلی کےباوجود ایگزیکٹو کمیٹی اپنے آئندہ اجلاس میں مستقبل کے دو ورلڈ کپس کے میزبان ممالک کا انتخاب عمل میں لائے گی.

2018 کے عالمی کپ کے انعقاد کیلیے کل چار امیدواران میں مقابلہ ہے جن میں روس اور برطانیہ انفرادی سطحوں پر جبکہ اسپین اور پرتگال اور بیلجیم اور نیدرلینڈ مشترکہ حیثیت میں امیدوار ہیں۔ جبکہ 2022 کے ورلڈ کپ کی میزبانی کیلیے جاپان، جنوبی کوریا، آسٹریلیا، امریکہ اور قطر میں مقابلہ ہے۔

XS
SM
MD
LG