رسائی کے لنکس

اسپین کی پھر پٹائی، دفاعی چیمپئن ورلڈ کپ سے باہر


چلی کے خلاف میچ کے دوران اسپین کے کھلاڑی ڈیاگو کوسٹا کی پریشانی ان کے انداز سے عیاں ہے
چلی کے خلاف میچ کے دوران اسپین کے کھلاڑی ڈیاگو کوسٹا کی پریشانی ان کے انداز سے عیاں ہے

اسپین کی ایونٹ میں یہ مسلسل دوسری شکست تھی۔ اس سے قبل افتتاحی میچ میں ہالینڈ نے دفاعی چیمپئن کو 1-5 سے ہرادیا تھا۔

برازیل میں جاری فٹ بال ورلڈ کپ میں چلی سے 0-2 سے شکست کھانے کے بعد دفاعی چیمپئن اسپین ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا ہے۔

اسپین کی ایونٹ میں یہ مسلسل دوسری شکست تھی۔ اس سے قبل افتتاحی میچ میں ہالینڈ نے دفاعی چیمپئن کو 1-5 سے ہرادیا تھا۔

اسپین کے باہر ہونے کے بعد 'گروپ-بی' سے ہالینڈ اور چلی نے 6، 6 پوائنٹ حاصل کرکے ایونٹ کے دوسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ گروپ کی چوتھی ٹیم آسٹریلیا بھی ایونٹ سے باہر ہوگئی ہے۔

بدھ کو ریوڈی جینرو میں کھیلے جانے والے میچ میں چلی کی ٹیم نے ابتدا سے ہی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا جو پچھلے 10 انٹرنیشنل میچز میں اسپین کو ہرانے میں ناکام رہی تھی۔

چلی کے کھلاڑی دفاعی چیمپئن کے مقابلے میں زیادہ پراعتماد، منظم اور جارح نظر آئے۔چلی کی جانب سے پہلا گول 20 ویں منٹ میں ایڈوارڈو ورگس جب کہ دوسرا گول 43 ویں منٹ میں چارلس ارنگوئز نے کیا۔

اسپین کی ٹیم دوسرے ہاف میں گول کرنے کی سرتوڑ کوشش کرتی رہی ہے لیکن چلی کی دفاعی لائن نے ان کی ہر کوشش ناکام بنادی۔

اس سے قبل بدھ کو ہونے والے 'گروپ – بی' کے پہلے میچ میں ہالینڈ نے آسٹریلیا کو 2-3 سے شکست دیدی تھی۔

گروپ کی دونوں ٹاپ ٹیموں – ہالینڈ اور چلی - کے درمیان مقابلہ پیر کو ساؤ پولو میں ہو گا اور امید ہے کہ فٹ بال شائقین کو ایک اور سنسنی خیز میچ دیکھنے کو ملے گا۔

بعد ازاں بدھ کی شام برازیل کے شہر مناس میں کھیلے جانے والے گروپ 'اے' کے دوسرے میچ میں کروشیا نے کیمرون کو 0-4 سے ہرا دیا ہے۔

کروشیا اپنا اگلا گروپ میچ پیر کو میکسیکو کے خلاف کھیلے گا اور فتح کی صورت میں کروشیا کی دوسرے راؤنڈ تک رسائی یقینی ہوجائے گی۔ آج کے میچ میں شکست کے بعد کیمرون ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا ہے۔

اسپین اور چلی کے میچ کی تصویری جھلکیاں

XS
SM
MD
LG