رسائی کے لنکس

ریپبلکنز کا پانچواں مباحثہ، دہشت گردی و قومی سلامتی پر بحث


ڈونلڈ ٹرمپ (بائیں) جیب بش (دائیں) کی تنقید پر ہنس رہے ہیں جبکہ ٹیڈ کروز (درمیان) انہیں دیکھ رہے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ (بائیں) جیب بش (دائیں) کی تنقید پر ہنس رہے ہیں جبکہ ٹیڈ کروز (درمیان) انہیں دیکھ رہے ہیں۔

مباحثے کا آغاز صف اول کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے امریکہ میں مسلمانوں کے داخلے پر پابندی کی متنازع تجویز پر بحث سے کیا گیا۔

ریپبلکن پارٹی کے صف اول کے نو امیدوار منگل کو پارٹی کے پانچویں مباحثے میں شریک ہوئے جس میں قومی سلامتی اور دہشت گردی اہم موضوعات رہے۔

منگل کو ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس میں ہونے والے مباحثے کے چند ہفتوں بعد صدارتی امیدوار چننے کے لیے ریاست آئیووا میں پہلے مرحلے میں رائے شماری کی جائے گی۔

مباحثے کا آغاز صف اول کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے امریکہ میں مسلمانوں کے داخلے پر پابندی کی متنازع تجویز پر بحث سے کیا گیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی تجویز کا دفاع یہ کہہ کر کیا کہ ’’ہم مذہب کے بارے میں بات نہیں کر رہے بلکہ ہم سکیورٹی پر بات کر رہے ہیں۔‘‘

ٹرمپ نے کہا کہ ان کی تجویز نے ’’شدت پسند مسلم دہشت گردی پر ایک بہت بڑی بحث کو جنم دیا ہے جس کی ضرورت تھی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ بہت سے امریکی اس تجویز کی حمایت کرتے ہیں۔

فلوریڈا کے سابق گورنر جیب بش نے ٹرمپ کی تجویز کو غیر حقیقت پسندانہ قرار دیا اور کہا کہ اس سے داعش کے خلاف امریکہ کی جنگ متاثر ہو گی۔

ٹرمپ نے اس کے جواب میں کہا کہ جیب بش ان پر اس لیے تنقید کر رہے ہیں کیونکہ ان کی مہم ’’مکمل ناکام‘‘ رہی ہے۔

حالیہ جائزوں میں تیزی کے مقبولیت حاصل کرنے والے سینیٹر ٹیڈ کروز نے ٹرمپ کی تجویز پر معمولی تنقید کی اور کہا کہ وہ ’’مذہب کے خلاف جنگ نہیں چاہتے بلکہ ہم اس سیاسی اور مطلق العنان نظریے کے خلاف جنگ کرنا چاہتے ہیں جو ہماری تباہی کا خواہشمند ہے۔‘‘

’’اگر میں منتخب ہو گیا تو ہم دہشت گردوں کا پیچھا کریں گے اور انہیں ہلاک کریں گے۔ ہم داعش کو مکمل طور پر تباہ کر دیں گے۔ ہم دہشت گرد حملے ہونے سے پہلے ہی انہیں روک دیں گے۔‘‘

مرکزی مباحثے سے قبل کم مقبول امیدواروں کے درمیان ہونے والے ایک مباحثے میں چار دیگر امیدوار شریک ہوئے جن میں پنسلوینیا کے سابق سینیٹر رک سینٹورم، آرکنسا کے سابق گورنر مائک ہکابی، جنوبی کیرولائنا کے سینیٹر لنڈسی گراہم اور نیو یارک کے سابق گورنر جارج پٹاکی شامل تھے۔ یہ تمام امیداور مرکزی مباحثے میں شریک نہیں ہوئے۔

اس مباحثے میں بھی ڈونلڈ ٹرمپ کی تجویز اہم موضوع رہی اور اس پر تنقید کی گئی۔

تازہ ترین مباحثہ ایسے وقت ہوا جب عوام میں دہشت گردی اور قومی سلامتی کے بارے میں تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔ مباحثے سے پہلے کیے جانے والے جائزوں میں ڈونلڈ ٹرمپ اور ٹیڈ کروز تمام امیدواروں سے آگے ہیں۔

قومی جائزوں میں ٹرمپ آگے ہیں مگر آئیوا میں کروز تیزی سے مقبولیت حاصل کر رہے ہیں جہاں یکم فروری کو رائے شماری کے ذریعے صدارتی امیدوار کے انتخاب کا عمل شروع ہو گا۔

جائزوں کے نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ دو دسمبر کو کیلیفورنیا میں سان برنارڈینو میں ہونے والے حملے کے بعد ووٹروں میں دہشت گردی کے بارے میں خدشات پائے جاتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG