رسائی کے لنکس

موسم سرما میں ریلیز کی منتظر چار دلچسپ فلمیں


یہ ساری فلمیں بڑے بجٹ ، بڑی کاسٹ کے ساتھ تیار کی گئ یہیں اور ان کےساتھ بڑے ڈائریکٹرز و پروڈیوسرز کے نام ہیں۔

بالی ووڈ فلموں کے شوقین افراد کے لئے سردی کا رواں موسم بہت اچھا گزرے گا۔ وہ اس بارسرد اور لمبی راتوں میں وہ ’سن آف سردار‘، ’ تلاش‘،’ جب تک ہے جہاں‘،’ کھلاڑی 786‘اور’ دبنگ 2‘ جیسی بڑی اور خون گرمادینے والی فلمیں دیکھ سکیں گے ۔ یہ ساری کی ساری فلمیں بڑے بجٹ ، بڑی کاسٹ، اور بڑے ڈائریکٹرز و پروڈیوسرز کی ہیں۔ اس لئے خوش ہوجایئے سرد موسم میں یہ فلمیں آپ کا موڈ ہر روز خوش گوار رکھیں گی۔

سن آف سردار

اجے دیوگن جوہی چاوٴلہ، سنجے دت اور سوناکشی سنہا جیسے بڑے نام والے فنکاروں سے سجی فلم ’ سن آف سردار‘ دراصل ایک رومینٹک ڈرامہ ہے۔ اب سے کچھ سال پہلے تیلگو زبان میں ایک فلم بنی تھی ’مریادہ رام اننا‘ ۔۔بس سمجھ لیجئے ’سن آف سردار‘اسی کا ری میک ہے، حالانکہ ’مریادہ رام اننا‘خود1923ء میں بننے والی خاموش امریکی فلم ’ آور ہوسپیٹیلٹی‘ کا چربہ تھی۔

فلم ’سن آف سردار ‘کو مزاحیہ انداز میں پیش کیا گیا ہے ۔ فلم کے ایک گانے ’پو۔۔پو‘ میں آپ کو سلمان خان بھی بطور مہمان اداکار، ایکٹنگ کرتے نظر آئیں گے۔ ’سن آف سردار‘ 13نومبر کو دنیا بھر میں ریلیز ہونے جارہی ہے۔

تلاش

عامر خان کی ہوم پروڈکشن ’ تلاش‘ میاں بیوی اور ایک طوائف کے گرد گھومتی ہے ۔ اس فلم میں عامر خان نے پولیس انسپکٹر کا رول ادا کیا ہے۔ فلم کے نمایا ں فنکاروں میں عامر خان کے علاوہ شامل ہیں رانی مکھرجی اور کرینہ کپور۔ ’ تلاش‘ 30نومبر کو ریلیز ہوگی۔

چونکہ فلم کے ساتھ مسٹر پرفیکٹ کا نام جڑا ہے لہذا فلم بینوں نے فلم کے ساتھ بہت سی توقعات وابستہ کی ہوئی ہیں ۔ مسٹر پرفیکٹ کے بارے میں کہاجاتا ہے کہ جوکام کرتے ہیں پرفیکٹ انداز میں کرتے ہیں۔ ان کا پچھلا ریکارڈ دیکھیں تو متعدد فلمیں سپر، ڈوپر ہٹ اور کروڑوں کا بزنس کرتی نظر آتی ہیں۔اس لئے امید کی جارہی ہے کہ نئی فلم نیا دھماکا کرے گی۔

کھلاڑی786

لفظ ’کھلاڑی‘ سے آپ سمجھ ہی گئے ہوں گے کہ فلم کا ہیرو کون ہوسکتا ہے ۔۔۔جی ہاں وہی جو عام طور پر ’کھلاڑی‘ کے نام سے ہی جانا جاتا ہے یعنی اکشے کمار۔ ’کھلاڑی 786‘ میں ان کی ہیروئن ہیں آسین جبکہ باقی کاسٹ میں شامل ہیں متھن چکرورتی، پاریش راول اور ہمیش ریشیمیا،۔ فلم دسمبر کے ساتویں روز ریلیز ہوگی۔

دبنگ ٹو
سلمان خان، سوناکشی سنہا کی اداکاری اور ارباز خان کے پروڈکشن میں بنی فلم ’دبنگ ٹو‘ سیکوئل ہے یہ تو آپ سمجھ ہی گئے ہوں گے اب یہ بھی سمجھ لیجئے کہ جب فلم کی کاسٹ وہی ہوتو بھلا ’بدنام منی‘ کس طرح دور رہ سکتی ہیں لہذا ملائیکہ اروڑا خان بھی ’منی بدنام ہوئی ‘ کی طرح کا نیا آئٹم سانگ ’پانڈے جی چیٹی مارو‘لیکر آرہی ہیں۔

البتہ اس بار چلبل پانڈے ممبئی کی جگہ اپنی بیوی اور بچے کے ساتھ لکھنو ٹرانسفر کردیئے گئے ہیں جہاں اغواء، زنااورقتل کی وارداتیں عام ہیں۔ ۔۔اور ان وارداتوں کے پیچھے ہے ایک سیاستدان جو آنے والے انتخابات کے لئے جوڑ توڑ کی تیاریوں میں ہے ۔ اس دوران پانڈے جی ان سےٹکرا‘جاتے ہیں اور پھر جو کچھ ہوتا ہے اس کا اندازہ آپ فلم دیکھئے بغیر نہیں لگاسکتے۔ ۔۔سو فلم کی ریلیز کی تاریخ یعنی 21دسمبر تک کیجئے انتظار ۔۔کہ اس انتظار کا بھی اپنا ہی مزہ ہے۔
XS
SM
MD
LG