رسائی کے لنکس

سعودی عرب: شیعہ مسلک کی مسجد میں فائرنگ، تین ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سعودی عرب کے مشرقی علاقوں میں شیعہ مسلک کی آبادی پر اس سے قبل بھی ہلاکت خیز حملے ہو چکے ہیں۔

سعودی عرب کے مشرقی علاقے الاحسا میں جمعہ کو شیعہ مسلک کی ایک مسجد میں فائرنگ سے کم ازکم تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

حکام اور عینی شاہدین کے مطابق محاسن نامی علاقے میں مسجد امام رضا میں یہ واقعہ نماز جمعہ کے وقت پیش آیا۔

ایک عینی شاہد محمد النمر نے امریکی خبر رساں ایجنسی "ایسوسی ایٹڈ پریس" کو بتایا کہ نمازیوں نے حملہ آور کو مسجد میں داخل ہونے سے روکا تو اس نے فائرنگ شروع کر دی۔

سعودی عرب کے مشرقی علاقوں میں شیعہ مسلک کی آبادی پر اس سے قبل بھی ہلاکت خیز حملے ہو چکے ہیں۔

گزشتہ سال دو مختلف مواقع پر شیعہ مساجد پر حملوں میں لگ بھگ تیس افراد ہلاک ہوگئے تھے اور ان کی ذمہ داری شدت پسند گروپ داعش نے قبول کی تھی۔

ملک کی شیعہ آبادی ایک عرصے سے بنیاد پرست سنی شاہی خاندان کے خلاف امتیازی سلوک روا رکھے جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے سراپا احتجاج رہی ہے۔

رواں ماہ کے اوائل میں شاہی خاندان کے ایک بڑے ناقد اور شیعہ عالم دین شیخ نمر النمر کی سزائے موت پر عملدرآمد کیا گیا تھا اور ان پر الزام تھا کہ انھوں نے لوگوں کو بغاوت اور تشدد پر اکسایا۔

شیخ نمر کی سزائے موت کے بعد سعودی عرب کی شیعہ آبادی میں اضطراب جب کہ روایتی حریف ایران کے ساتھ ریاض کے تعلقات انتہائی کشیدہ چلے آرہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG