رسائی کے لنکس

پہلا ٹی20: پاکستان نے سری لنکا کو تین وکٹوں سے ہرادیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سری لنکا نے پاکستان کو جیت کے لیے 146 رنز کا ہدف دیا تھا جسے پاکستان نے آخری اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

پاکستان نے دبئی میں ہونے والے پہلے ٹی20 میچ میں سری لنکا کو تین وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

بدھ کو ہونے والے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو جیت کے لیے 146 رنز کا ہدف دیا تھا جسے پاکستان نے آخری اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

پاکستان کی جانب سے شاہد آفریدی نے 20گیندوں پر 39 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی اور ٹاپ اسکورر ہے۔ اوپنر شرجیل خان نے 34 اور کپتان محمد حفیظ نے 32 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے لسیتھ ملنگا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے تھے۔

اینجلو میتھیوز 50 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ پاکستان کی جانب سے سہیل تنویر اور سعید اجمل نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

حالیہ سیریز دونوں ٹیموں کے لیے آئندہ سال مارچ میں بنگلہ دیش میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے پہلے اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کا ایک اچھا موقع ہے۔

کرکٹ کی عالمی تنظیم "آئی سی سی" کی ٹی ٹوئنٹی کی عالمی درجہ بندی میں سری لنکا پہلے اور پاکستان چوتھے نمبر پر ہے۔

سیریز میں پاکستانی کی 0-2 سے فتح کے نتیجے میں وہ درجہ بندی میں سر فہرست ہوجائے گا جب کہ سیریز ایک، ایک سے برابر ہونے پر وہ موجودہ پوزیشن پر برقرار رہے گا۔

دو ٹی20 میچوں کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان متحدہ عرب امارات کے 'نیوٹرل وینو' پر ہونے والی اس سیریز میں پانچ ایک روزہ میچ اور تین ٹیسٹ میچ بھی کھیلے جائیں گے۔
XS
SM
MD
LG