رسائی کے لنکس

امریکہ: ہیوسٹن میں فائرنگ، بچوں سمیت چھ افراد ہلاک


فائل
فائل

مقامی پولیس کے عہدیدار نے صحافیوں کو بتایا کہ گواہوں سے گفتگو اور ابتدائی تحقیق سے بظاہر یہ گھریلو جھگڑے کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔

امریکہ کی ریاست ٹیکساس میں ایک شخص نے فائرنگ کر کے چار بچوں سمیت چھ افراد کو ہلاک کر دیا۔

ہیوسٹن شہر کے نواحی علاقے اسپرنگ میں بدھ کو پیش آنے والے اس واقعے میں حملہ آور کی 15 سالہ بیٹی شدید زخمی بھی ہوئی جس نے پولیس کو فون کر کے بتایا کہ اس کا والد اپنے والدین کو بھی مارنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

ہیرس کاؤنٹی شیرف کے دفتر کے عہدیدار تھامس گیلیلانڈ کا کہنا تھا کہ حملہ آور کو گھنٹوں کی تگ و دو کے بعد گرفتار کیا گیا۔

" اس شخص نے اپنے سر پر پستول تان رکھا تھا اور دو گھنٹے مسلسل اس سے بات چیت کے ذریعے ہتھیار پھینکنے کے لیے کہا جاتا رہا۔"

ہلاک ہونے والوں میں حکام کے مطابق 4 اور 14 سال کے دو بچے، 7 اور 9 سال کی دو بچیاں، ایک 39 سالہ شخص اور 33 سالہ خاتون شامل ہیں۔ ان بچوں میں سے دو لے پالک تھے۔

فائرنگ کرنے والے شخص کی اپنی بیوی سے علیحدگی ہو چکی تھی اور اس واقعے کے وقت وہ خاتون شہر سے باہر تھیں۔

مقامی پولیس عہدیدار نے صحافیوں کو بتایا کہ گواہوں سے گفتگو اور ابتدائی تحقیق سے بظاہر یہ گھریلو جھگڑے کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔

حکام نے مرنے والوں اور حملہ آور کی شناخت کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کیں اور نہ ہی مرنے والے دو بالغ لوگوں کے بارے میں بتایا کہ آیا ان کا بچوں یا ان کے والد سے کوئی تعلق تھا یا نہیں۔

XS
SM
MD
LG