رسائی کے لنکس

لبنان: جھڑپوں میں پانچ فلسطینی ہلاک


جھڑپ کے بعد فلسطینی پناہ گزینوں کے کیمپ کے داخلی راستے پر لبنانی فوجی تعینات ہیں
جھڑپ کے بعد فلسطینی پناہ گزینوں کے کیمپ کے داخلی راستے پر لبنانی فوجی تعینات ہیں

جھڑپ فلسطین کے صدرمحمود عباس کے حامی گروہ اور ایک مخالف تنظیم کے جنگجووں کے درمیان ہوئی جس میں بھاری اسلحہ استعمال کیا گیا۔

لبنان میں قائم فلسطینی پناہ گزینوں کے ایک کیمپ میں دو گروہوں کے درمیان ہونےو الی لڑائی میں کم از کم پانچ فلسطینی ہلاک ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق واقعہ لبنان کے جنوبی شہر سیدون کے نزدیک واقع فلسطینی پناہ گزینوں کے ایک رہائشی کیمپ میں پیر کو پیش آیا۔ تصادم میں 10 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

مقامی حکام نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ جھڑپ فلسطین کے صدرمحمود عباس کے حامی گروہ اور ایک مخالف تنظیم کے جنگجووں کے درمیان ہوئی جس میں بھاری اسلحہ استعمال کیا گیا۔

تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ فریقین کے درمیان وجۂ نزاع کیا تھی۔ لیکن فلسطینی صدر محمود عباس کی تنظیم 'الفتح' اور دیگر تنظیموں کے جنگجو پناہ گزینوں کے ان کیمپوں پر اپنا اثر و رسوخ قائم کرنے کے لیے اکثر ایک دوسرے سے لڑتے رہتے ہیں۔

خیال رہے کہ لبنان میں فلسطینی پناہ گزینوں کے 12 کیمپ موجود ہیں جن میں تقریباً دو لاکھ رجسٹرڈ فلسطینی مہاجرین قیام پذیر ہیں۔

پڑوسی ملک شام میں جاری خانہ جنگی نے جہاں ایک جانب لبنان کو فرقہ ورانہ تصادم کی جانب دھکیل دیا ہے وہیں ان فلسطینی کیمپوں کا ماحول بھی خاصا کشیدہ ہے۔

شام میں جاری خانہ جنگی کے باعث ہجرت کرکے لبنان آنے والے شامی پناہ گزینوں کی تعداد 10 لاکھ سے زائد ہوگئی ہے جس کے باعث 60 لاکھ آبادی کے اس چھوٹے سے ملک کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔
XS
SM
MD
LG