رسائی کے لنکس

کراچی : جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی ہدایت


ادھر تمام تر حکومتی اقدامات کے باوجود دہشت گردانہ کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ پولیس نے صفورہ چورنگی کے قریب تخریب کاری کی ایک بڑی سازش ناکام بنا دی

کراچی میں پھیلی ہوئی بد امنی پر قابو پانے کیلئے حکومتی کوششیں جاری ہیں خصوصاً رمضان کی شروعات کے ساتھ ہی اس جانب تیزی آگئی ہے ۔ صدر آصف زرداری نے جمعہ کوشہر میں قیام امن کی غرض سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی ہدایت کر دی ۔ ادھر پرتشدد واقعات میں مزید چار افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ شہر میں دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام بنانے کے علاوہ پولیس نے گیارہ ملزمان گرفتار کر لیے۔

جمعہ کو بلاول ہاؤس میں صدر آصف علی زرداری کی صدارت میں اہم اجلاس ہوا جس میں گورنر ، وزیر اعلیٰ سندھ اور صوبائی وزراء نے شرکت کی۔صدر نے شہر میں امن اور عام آدمی کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ان کا کہناتھا کہ جرائم پیشہ عناصر اور بھتہ خوروں کیخلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔ ادھر وزیراعلیٰ سندھ اور وفاقی مشیر داخلہ کے درمیان بھی ملاقات ہوئی جس میں صدر کی ہدایات کی روشنی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے شہر میں پچیس سے تیس ہزار کی نفری کو قیام امن کے لئے ناکافی قرار دیا اور بتایا کہ مزید دس ہزار پولیس اہلکاروں کو جلد بھرتی کیا جائے گا ۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ جس علاقے میں واردات ہو گی اس کی ذمہ داری وہاں کے ایس ایچ او پر عائد ہو گی ۔ رمضان میں شہر میں امن کا قیام کسی چیلنج سے کم نہیں ،مجرموں کے خلاف موثر کارروائی کی ضرورت ہے ۔ اس سلسلے میں پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کوضروری ہدایات بھی دی گئیں۔

ادھر تمام تر حکومتی اقدامات کے باوجود دہشت گردانہ کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ پولیس نے صفورہ چورنگی کے قریب تخریب کاری کی ایک بڑی سازش ناکام بنا دی ۔ تخریب کاروں نے نجی اسکول کی دیوار کے ساتھ سیمنٹ کے بلاک میں بم نصب کیا تھا جسے دیکھ کر اسکول کے چوکیدار نے گشت پر موجود رینجرز اور پولیس اہلکاروں کو آگاہ کیا۔

پولیس کے طلب کرنے پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیموں نے بروقت کارروائی کر کے بم ناکارہ بنا دیا۔حکام کے مطابق بم کا وزن تیرہ کلو گرام تھا جس سے بال بیرنگ، نٹ بولڈ اور ریموٹ کنٹرول ڈیوائس برآمد کرلی گئیں ہیں۔ کچھ ماہ قبل بھی اسی مقام پر نصب شدہ بم کے ذریعے رینجرز موبائل کونشانہ بنایا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق ڈالمیا اور کورنگی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مزید دو افراد ہلاک ہو گئے ۔ فیڈرل بی ایریا اور لیاری کے علاقے لی مارکیٹ سے دو افراد کی تشدد زدہ لاشیں بھی ملیں ۔ ادھر ایس ایس پی ، سی آئی ڈی چوہدری اسلم نے بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں سے طالبان سوات کے رکن نصیب داد سمیت گیارہ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ گرفتار افراد میں نعیم قریشی نامی ٹارگٹ کلر بھی شامل ہے جس نے ابتدائی تحقیقات میں دو افراد کے قتل کا انکشاف کیا ہے۔
XS
SM
MD
LG