رسائی کے لنکس

آلودہ پانی سے پھیلنے والی بیماریوں کے سدباب کے لیے اضافی امریکی اعانت


امریکہ نے پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں ،جہاں آلودہ پانی سے پھیلنے والی بیماریوں کا خطرہ ہے، مزید طبی مراکزقائم کرنے کے لیے صحت کے عالمی ادارے ”ڈبلیو ایچ او“ کو 15لاکھ ڈالر کی اضافی رقم فراہم کر دی ہے۔ امریکی سفارت خانے سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق اس امداد سے انتہائی متاثرہ علاقوں میں امریکی مالی اعانت سے قائم کیے جانے والے طبی مراکز کی تعداد 55 ہو گئی ہے۔

امریکہ اب تک ملک بھر میں سیلاب زدہ علاقوں میں طبی امدادی سرگرمیوں کے لیے65لاکھ ڈالر صحت کے عالمی ادارے کو فراہم کر چکا ہے۔ بعض علاقوں میں صحت اور صفائی ستھرائی کے فروغ کے لیے امریکہ انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر کام کرنے والی تنظیموں اور ماہرین کے ساتھ مل کر ایس ایم ایس پیغامات، ریڈیو اور مقامی آبادی سے براہ راست رابطے کے ذریعے آلودہ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی روک تھام کی تدابیر سے آگاہ کر رہا ہے۔

سیلاب کے آغاز کے بعد ابتدائی امدادی پروازوں کے ذریعے امریکہ نے متاثرہ افراد کے لیے پانی صاف کرنے کے چھ پلانٹ بھی فراہم کیے تھے جن سے روزانہ 10 ہزار افراد کوپینے کا پانی فراہم کیا جاسکتا ہے۔

متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کی صورت حال کا جائزہ لینے اور ان کا تجزیہ کرنے کے لیے بیماریوں سے پیشگی خبردار کرنے والے نظام کو پھیلانے کے لیے امریکہ اضافی عطیات فراہم کرچکا ہے۔

امریکہ پاکستان کے عوام کو ہنگامی امدادی اعانت کی مد میں 15 کروڑ ڈالر سے زیادہ کی امداد فراہم کر چکا ہے۔ امریکہ کی سیلاب سے متعلقہ امدادی سرگرمیوں میں ان انتہائی متاثرہ علاقوں تک پہنچنا ترجیح ہے جہاں رابطے منقطع ہو چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG