رسائی کے لنکس

سندھ: سیلاب سے تعلیم متاثر، گرمیوں کی چھٹیوں میں توسیع


اس سے قبل، سندھ بھر میں گرمیوں کی چھٹیوں پر یکم جون سے 3 اگست تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے، جس مین اب مزید 7 دن کی توسیع کردی گئی ہے۔

کراچی: حالیہ بارشوں اور سیلاب کے پیش نظر، سندھ کے صوبائی محکمہ تعلیم کی جانب سے تعلیمی اداروں کی گرمیوں کی چھٹیوں میں مزید سات دن کی توسیع کردی گئی ہے۔

محکمہ تعلیم کے اس اعلان کے بعد، صوبے بھر کے تمام چھوٹے بڑے تعلیمی ادارے مزید 7 دن بند رکھنے کا اعلام کیا گیا ہے۔

سندھ کے صوبائی محکمہ تعلیم کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، سندھ بھر کے تمام سرکاری و غیر سرکاری تعلیمی ادارے 11 اگست تک بند رکھے جائین گے۔

اس سے قبل، سندھ بھر میں گرمیوں کی چھٹیوں پر یکم جون سے 3 اگست تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے، جس مین اب مزید 7 دن کی توسیع کردی گئی ہے۔

دوسری جانب، پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ سیلاب سے غیر متاثرہ علاقوں میں تعلیمی اداروں کو معمول کے مطابق کھولنے کی اجازت دی جائے۔

وائس آف امریکہ سے گفتگو میں، پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے چِیئرمین خالد شاہ نے محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے سیلاب سے محفوظ سندھ کے علاقوں میں موسم گرما کی تعطیلات کو ’بلاجواز‘ قرار دیتے ہوئے، کہا ہے کہ جو علاقے سیلاب سے محفوظ ہیں وہاں حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں کو کھولنے کی اجازت دیجائے۔

بقول اُن کے چھٹی سے تعلیمی سال متاثر ہوتا ہے، اور تعلیمی نصاب مکمل نہیں ہو پاتا ہے۔

ان کے بقول، کراچی میں امن و امان کی غیر یقینی صورتحال سے ویسے ہی ہڑتالیں اور یوم سوگ کی وجہ سے اسکولوں میں پڑھائی متاثر ہوتی ہے۔ اگر مزید 7 دن چھٹیاں بڑھا دی جائیں گی، تو طلبہ کے پڑھائی کا حرج ہوگا۔

پاکستان کے دیگر حصوں کی طرح، صوبہ سندھ میں بھی حالیہ تیز بارشوں اور سیلاب سےاندرون سندھ کے کئی شہر جن میں لاڑکانہ، تھرپارکر، چھاچھرو، مٹھی، شکارپور، خیرپور اور گھوٹکی سمیت دیگر درجنوں دیہات متاثر ہوچکے ہیں؛ جب کہ متعدد مکانات تباہ، کئی مال مویشی پانی میں بہہ گئے اور بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پہنچا ہے۔

XS
SM
MD
LG