رسائی کے لنکس

ترکی کے سابق صدر کنعان ایورن انتقال کر گئے: رپورٹ


ایورن ایک سابق فوجی جنرل تھے اور ان کی قیادت میں ہونے والی فوجی بغاوت میں اس وقت کے وزیر اعظم سلیمان ڈیمرل کی حکومت کا تختہ الٹا گیا تھا۔

ترکی کے ذرائع ابلاغ میں شائع شدہ اطلاعات کے مطابق ترکی کے سابق صدر کنعان ایورن 97 سال کی عمر میں انتقال کر گیے ہیں۔

ایورن کو گزشتہ سال ایک عدالت نے 1980ء کی خونریز فوجی بغاوت میں ملوث ہونے کا مجرم قرار دیتے ہوئے عمر قید کی سزا دی تھی۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی اناطولیہ کے مطابق ایورن ایک فوجی اسپتال میں 2012ء سے زیر علاج تھے تاہم حالیہ کچھ عرصے سے ان کی صحت زیادہ خراب ہونے کے بعد ان کو مصنوعی نظام تنفس پر رکھا گیا تھا۔

ایورن ایک سابق فوجی جنرل تھے اور ان کی قیادت میں ہونے والی فوجی بغاوت میں اس وقت کے وزیر اعظم سلیمان ڈیمرل کی حکومت کا تختہ الٹا گیا تھا۔ ایورن 1980ء سے لے کر 1989ء تک ملک کے صدر رہے۔

گزشتہ سال انہیں اور تاہسن ساہنکیا جو ان پانچ جنرلوں میں شامل تھے جنہوں نے 1980ء کی فوجی بغاوت کی قیادت کی، کو ڈیمرل کی حکومت کا تختہ الٹنے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ ان دونوں کے خلاف آئین کو سبو ثاژ کرنے کے الزامات کے تحت مقدمہ چلایا گیا تھا۔

ترکی کی جدید تاریخ میں 1980ء کی فوجی بغاوت سب سے زیادہ خونریز تھی جس میں بڑے پیمانے پر گرفتاریاں، تشدد اور کئی افراد کو موت کا سامنا کرنا پڑا۔

XS
SM
MD
LG