رسائی کے لنکس

کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال ثابت ہو تو کارروائی کی جائے: فرانس


شام میں حکومت کے مخالفین نے دعویٰ کیا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے بدھ کو ایک علاقے میں کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کر کے متعدد شہریوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

فرانس کا کہنا ہے کہ اگر شام کی سکیورٹی فورسز کی جانب سے دمشق کے قریب کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو بین الاقوامی برادری کو طاقت کے ساتھ اس کا جواب دینا چاہیئے۔

تاہم جمعرات کو فرانسیسی وزیرِ خارجہ لوراں فیبیو نے زمینی افواج کے استعمال کو خارج از امکان قرار دیا۔

ترکی کے وزیرِ خارجہ احمت داووتولو نے بھی بین الاقوامی برادری کی طرف سے کارروائی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شام میں حد پار کی گئی ہے۔

سرگرم کارکنان کا کہنا ہے کہ شامی فورسز نے جمعرات کو دمشق کے مشرق میں واقع علاقے غوطة میں بمباری کا نیا سلسلہ شروع کر دیا۔

حکومت کے مخالفین نے دعویٰ کیا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے ایک روز قبل اس علاقے میں کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کر کے متعدد شہریوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

شامی حکومت نے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق الزامات کی تردید کی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ مخالفین اقوام متحدہ کے اُن معائنہ کاروں کی توجہ کو ہٹانا چاہتے ہیں جو باغیوں کی جانب سے رواں سال کیمیائی ہتھیاروں کے بارے میں شامی حکومت کے دعوؤں کی تحقیقات کے لیے ملک میں موجود ہیں۔

اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل نے بدھ کو ایک ہنگامی اجلاس میں شام کی صورت حال کا جائزہ لیا تھا۔
XS
SM
MD
LG