رسائی کے لنکس

فرانس: نقاب اوڑھنے پر جرمانہ


ایک روز قبل پولیس نے دو خواتین کو گرفتار بھی کیا تھا
ایک روز قبل پولیس نے دو خواتین کو گرفتار بھی کیا تھا

فرانس میں نقاب پر پابندی کے نافذالعمل ہونے کے پہلے ہی روز پولیس نے ایک نوجوان خاتون پر اس قانون کی خلاف ورزی کے جرم میں جرمانہ عائد کیا ہے۔

حکام نے منگل کے روز بتایا کہ اس خاتون کو میوروز (Mureaux) شہر کے ایک شاپنگ سنٹر میں پیر کے روز تقریباً 215ڈالر جرمانے کی رسید دی گئی۔ پولیس کے مطابق اس دوران خاتون کے ساتھ کسی قسم کی تلخ کلامی نہیں ہوئی۔

ایک روز قبل پولیس نے پیرس میں نوٹرڈیم کیتھیڈرل چرچ کے سامنے نقاب پر پابندی کے خلاف مظاہرہ کرنے والی دو خواتین کو گرفتار کیا تھا۔ فرانسیسی پارلیمان سے گذشتہ ستمبر میں منظور ہونے والے اس نئے قانون کا اطلاق پیر کے روز سے کیا گیا اور پولیس کے مطابق ان خواتین کو نقاب اوڑھنے پر نہیں بلکہ غیر قانونی طور پر مظاہرہ کرنے پر گرفتار کیا گیا۔

اس قانون کے تحت نقاب پوش خاتون کو 215ڈالر کا جرمانہ یا فرانس میں طریقہ زندگی سے متعلق مخصوص تربیت حاصل کرنے کو کہا جا سکتا ہے، لیکن اس کی خلاف ورزی پر قید کی سزا نہیں ہے۔ جب کہ کسی خاتون کو نقاب اوڑھنے پر مجبور کرنے والے افراد کو ایک سال قید اور تقریباً 41ہزار ڈالر کی سزا ہوسکتی ہے۔

فرانسیسی صدر نیکولا سارکوزی کا کہنا ہے کہ یہ قانون ملک میں خواتین کے حقوق کے احترام، ریاست اور مذہب کو الگ رکھنے کے لیے انتہائی اہم تھا۔اس قانون کے حامیوں کا موقف ہے کہ یہ فرانس میں مقیم لگ بھگ 60 لاکھ مسلمانوں کو مقامی آبادی میں ضم کرنے کے لیے ضروری ہے۔

اس قانون کی مخالفت کرنے والی خواتین نے نقاب یا پردے کو اسلامی مذہب کا حصہ قرار دیا ہے ۔ پیر کو انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ’ایمنسٹی انٹرنیشنل‘ نے ایک بیان میں خواتین کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ فرانس میں خواتین کو مذہبی اور آزادی اظہار کا حق حاصل ہے۔

XS
SM
MD
LG