رسائی کے لنکس

کائی سونگ میں اثاثے منجمد کرنا ’غیر قانونی‘ ہے: جنوبی کوریا


جمعرات کو جنوبی کوریا کے ٹرکوں نے کائی سونگ سے سازوسامان واپس لانا شروع کیا تھا۔ فائل فوٹو
جمعرات کو جنوبی کوریا کے ٹرکوں نے کائی سونگ سے سازوسامان واپس لانا شروع کیا تھا۔ فائل فوٹو

جنوبی کوریا کے یونیفیکشن وزیر ہونگ یونگ پیو نے جمعہ کو کہا کہ شمالی کوریا کی طرف سے جنوبی کوریا کے شہریوں کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ ’’بہت افسوسناک‘‘ ہے۔

جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کو خبردار کیا ہے کہ اس کی طرف سے کائی سونگ صنعتی پارک میں جنوبی کوریا کی کمپنیوں اور عملے کے اثاثے منجمد کرنا ’’غیر قانونی‘‘ ہے۔

جنوبی کوریا کے یونیفیکشن وزیر ہونگ یونگ پیو نے جمعہ کو کہا کہ شمالی کوریا کی طرف سے جنوبی کوریا کے شہریوں کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ ’’بہت افسوسناک‘‘ ہے اور پیانگ یانگ کو اس کے نتائج کی ذمہ داری قبول کرنا ہو گی۔

جمعرات کو شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کے تمام شہریوں کو حکم دیا تھا کہ وہ کائی سونگ کمپلیکس سے چلے جائیں جو شمالی کوریا میں سرحد سے 10 کلومیٹر دور واقع ہے۔ پیانگ یانگ نے کہا تھا کہ ملازمین صرف اپنی ذاتی اشیا لے جا سکتے ہیں اور وہاں موجود تمام اثاثوں کو ’’مکمل طور پر منجمد‘‘ کرنے کا حکم دیا تھا۔

پیانگ یانگ کے مطابق کہ یہ اقدام جنوبی کوریا کی جانب سے کائی سونگ صنعتی پارک میں کام معطل کرنے کے فیصلے کے جواب میں کیا گیا۔

شمالی کوریا کی کمیٹی برائے پرامن کوریائی اتحادِنو نے کہا تھا کہ جنوبی کوریا کا اقدام ’’اعلان جنگ‘‘ کے مترادف ہے۔

جنوبی کوریا کے کارکنوں نے جمعرات کی صبح کائی سونگ سے سازوسامان اکٹھا کرنا شروع کر دیا تھا۔

اس کے جواب میں شمالی کوریا نے اس پارک کو فوجی علاقہ قرار دے دیا اور کہا کہ وہ سیول کے ساتھ تمام فوجی رابطے ختم کر رہا ہے اور جس میں پنمنجوم سرحدی گاؤں میں قائم ہاٹ لائن کا خاتمہ بھی شامل ہے۔

جنوبی کوریا نے کہا تھا کہ وہ اس لیے کائی سونگ میں سرگرمیاں معطل کر رہا ہے تاکہ وہاں سے حاصل ہونے والی رقم کو شمالی کوریا کے جوہری اور میزائل پروگراموں کی ترقی میں استعمال ہونے سے روک سکے۔

اتوار کو شمالی کوریا نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ایک میزائل کے ذریعے خلا میں دو سیٹلائٹ بھیجی تھیں۔ گزشتہ ماہ اس نے چوتھا جوہری تجربہ بھی کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG