رسائی کے لنکس

شاہی جوڑے کا پیرس میں حملوں پر اظہار افسوس


برطانوی شاہی جوڑے نے منگل کے روز لندن میں قائم فرانسیسی سفارت خانے میں جا کر تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے ہیں۔

برطانوی شاہی جوڑے نے منگل کے روز لندن میں قائم فرانسیسی سفارت خانے میں جا کر پیرس حملوں کے 129 افراد کی ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے اور تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے ہیں۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق منگل کے روز برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے بھی فرانسیسی سفارت خانے کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انھوں نے تعزیتی کتاب میں دہشت گردانہ حملوں میں ہلاکتوں سے متعلق تاثرات درج کیے ہیں۔

مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے شہزادی کیٹ نے لکھا کہ ''پیرس کے سفاکانہ حملوں میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں اور پیرس کے تمام لوگوں کو ہماری مخلصانہ تعزیت ''۔

پیرس حملوں میں سب سے زیادہ ہلاکتیں بتاکلاں کنسرٹ ہال میں ہوئیں۔

وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے تعزیتی کتاب میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ برطانیہ کے لوگ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں فرانسیسی عوام کے ساتھ ہیں۔

''ہم نے آپ کے ساتھ یک جہتی کی علامت کے طور پر فرانسیسی ترنگا لہرایا ہے کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ ہماری مشترکہ اقدار, آزادی، مساوات اور اخوت گزشتہ ہفتے کی برائی پر غالب آ جائے گی''۔

وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کی جانب سے فرانسیسی زبان میں بھی تعزیتی پیغام لکھا گیا کہ ''ہم آپ کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں ہم آپ کے ساتھ ہیں''۔

وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون اور شہزادہ ولیم لندن کے ویمبلے اسٹیڈیم میں انگلینڈ اور فرانس کے درمیان کھیلے جانے والا فٹ بال میچ دیکھنے کے لیے جائیں گے جب کہ اسٹیڈیم بھاری پولیس کی سیکیورٹی تعینات کی گئی ہے ۔

گزشتہ ہفتے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہونیوالے پرتشدد حملوں کے نتیجے میں جانی نقصان پر فرانسیسی سفارت خانے میں رکھی تعزیتی کتاب پر سیاسی شخصیات کی جانب سے تاثرات قلمبند کرنے کا سسلہ جاری ہے ۔

XS
SM
MD
LG