رسائی کے لنکس

اسٹراس کوہن نے دست درازی کی کوشش کی تھی، فرانسیسی مصنفہ


اسٹراس کوہن نے دست درازی کی کوشش کی تھی، فرانسیسی مصنفہ
اسٹراس کوہن نے دست درازی کی کوشش کی تھی، فرانسیسی مصنفہ

نیویارک کی ایک عدالت میں اپنے خلاف دست درازی کے الزامات میں مقدمہ کا سامنا کرنے والے عالمی مالیاتی فنڈ کے سابق سربراہ ڈومینیک اسٹراس کوہن کی مشکلات ختم ہوتی نظر نہیں آرہی ہیں۔

اسٹراس کوہن کی مشکلات میں تازہ ترین اضافہ فرانسیسی مصنفہ ٹرسٹین بینن نے کیا ہے جنہوں نے آئی ایم ایف کے سابق سربراہ کے خلاف مبینہ طور پر جنسی زیادتی کی کوشش کرنے کے الزام میں قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

بینن کے وکیل ڈیوڈ کوبی نے پیر کے روز صحافیوں کو بتایا کہ وہ 2003ء میں مبینہ طور پر پیش آنے والے واقعہ کو بنیاد بنا کر منگل کے روز پیرس کی ایک عدالت میں اسٹراس کوہن کے خلاف مقدمہ دائر کریں گے۔

فرانسیسی مصنفہ کے وکیل کے اس اعلان کے بعد اسٹراس کوہن کے وکلاء نے کہا ہے کہ وہ جھوٹا الزام لگانے پر ٹرسٹین بینن کے خلاف جوابی دعویٰ دائر کریں گے۔ اسٹراس کوہن کے بقول فرانسیسی مصنفہ کی جانب سے بیان کردہ واقعہ ان کے "تخیل کی تخلیق" ہے۔

آئی ایم ایف کے سابق سربراہ کو نیویارک کی ایک عدالت نے استغاثہ کے اس بیان کے بعد گزشتہ ہفتے نظربندی سے رہا کرنے کا حکم دیدیا تھا کہ ان پر جنسی زیادتی کی کوشش کے الزامات عائد کرنے والی ہوٹل کی خاتون ملازمہ کی ساکھ اچھی نہیں اور اس کے موقف کی سچائی سے متعلق ابہام پائے جاتے ہیں۔

فرانسیسی نژاد اسٹراس کوہن کو مئی میں نیویارک سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر 'سوفی ٹیل' نامی لگشرری ہوٹل میں اپنے قیام کے دوران کمرے کی صفائی کیلیے آنے والی ایک 32 افریقی نژاد ملازمہ کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کرنے کا الزام ہے۔ اسٹراس کوہن خود پر عائد الزامات کی نفی کرتے آئے ہیں۔

مذکورہ مقدمہ کی کاروائی تاحال جاری ہے اور مقدمہ کی آئندہ سماعت 18 جولائی کو ہونی ہے۔

XS
SM
MD
LG