رسائی کے لنکس

یہ ایوارڈ حال ہی میں موناکو میں منعقدہ آٹھویں سالانہ ایوارڈز کی ایک شاندار تقریب میں پیش کیا گیا ہے۔

کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے ایک پاکستانی منصوبے 'دوستی' کراچی نے بین الاقوامی امن اور کھیل ایوارڈز 2015ء جیت لیا ہے۔

اس سال پیس اینڈ اسپورٹس ایوارڈز کے زمرے 'بہترین ایڈپٹیڈ پروگرام' یا اپنائے گئے پروگرام کے لیے برٹش کونسل کے ایک منصوبے دوستی کراچی کو منتخب کیا گیا۔

یہ ایوارڈ حال ہی میں موناکو میں منعقدہ آٹھویں سالانہ ایواڈز کی ایک شاندار تقریب میں پیش کیا گیا ہے۔

دوستی برٹش کونسل کا ایک منصوبہ ہے، جو پاکستان میں نوجوانوں میں استحکام لانے کے لیے کھیلوں کا استعمال کرتا ہے۔

دوستی منصوبے کو برٹش کونسل کے علاوہ حکومت سندھ کے ادارے برائے کھیل و تعلیم اور نوجوان کی طرف سے وسیع پیمانے پر سرپرستی حاصل ہے۔

برٹش کونسل کے مطابق دوستی منصوبے میں کھیلوں کو سماجی ہم آہنگی میں استعمال کرنے اور کمیونٹیز پر پڑنے والے اس کے گہرے اثرات کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔

دوستی منصوبے کو کراچی کے آٹھ منتخب مقامات کے اسکولوں، فاونڈیشن، مقامی کھیلوں کے کلبوں کے ذریعے بڑی کامیابی سے چلایا جا رہا ہے، جہاں خاص طور پر تنازعات والے علاقوں کے 12 سے 18 برس کے نوجوانوں جن میں لڑکیاں بھی شامل ہیں انھیں اس منصوبے کے ذریعے اسکولوں میں اور اسکول سے باہر کھیلوں کی سرگرمیوں کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

اس منصوبے کا مقصد کمزور اور متنوع ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو ناصرف کھیلوں کی سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہے بلکہ کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کو نظم و ضبط، برداشت اور قائدانہ صلاحیتیں سکھائی جاتی ہیں۔

اس کے علاوہ اس پروگرام کا مقصد خاص طور پر نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے حوالے سے تربیت فراہم کرنا ہے۔

جنوبی ایشیا میں برٹش کونسل سوسائٹی کی ڈائریکٹر شازیہ خاور نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ برٹش کونسل کے ایک منصوبے کی خدمات کا اعتراف ایک عالمی سطح کے پلیٹ فارم پر کیا گیا ہے۔

دو سال قبل کراچی میں شروع کیے جانے والے اس منصوبے میں اب تک 1944 بچوں کو رجسٹرڈ کیا گیا ہے جنھیں خاص طور پر فٹ بال کے لیے کوچنگ فراہم کی جا رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG