رسائی کے لنکس

ماں اور بچوں کی صحت: مالی امداد کاخطیر حصہ افغانستان میں خرچ ہوگا


کینیڈا میں جاری G8ممالک کی کانفرنس میں اعلان کیا گیا ہے کہ اگلے پانچ سالوں میں غریب ممالک میں ماں اور بچوں کی صحت پر 7.3بلین ڈالر خرچ کیے جائیں گے، اور اِس میں سےایک معقول رقم افغانستان میں خرچ کی جائے گی۔

جمعے کے دِن اِس دو روزہ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کینیڈا کے وزیرِ اعظم اسٹیون ہارپر نے امیر ممالک کی جانب سے مالی امداد کی تفصیلات بتائیں اور اُن کی تقریر کے فوراً بعد، کینیڈا کے وزیرِ خارجہ لارنس کینن نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ سات بلین ڈالر سے زائد کی یہ امداد دنیا کے غریب ترین ممالک کو دی جائے گی، جِس میں افغانستان بھی شامل ہے۔

اُنھوں نے یہ نہیں بتایا کہ افغانستان، ایشیا اور افریقہ کے کِن غریب ترین ممالک کو کتنی مالی امداد دی جائے گی۔ اُن کا کہنا تھا کہ تمام غریب ممالک کو معقول رقم فراہم کی جائے گی۔

اِس سے قبل، وزیرِ اعظم اسٹیون ہارپر نے اپنی تقریر میں کہا کہ پانچ بلین ڈالر G8ممالک دیں گے جب کہ 2.3بلین ڈالر کچھ دوسرے ممالک اور عالمی اداروں نے دینے کا وعدہ کیا ہے۔

اسٹیون ہارپر نے کہا کہ ماں اور بچوں کی صحت کے لیے اگلے پانچ سالوں میں کینیڈا مجموعی طور پر تین بلین ڈالر امداد فراہم کرے گا۔

کینیڈا کے وزیرِ اعظم نے یہ بھی کہا کہ ہم نے دنیا کو اُس مقام پر لانے کا تہیہ کر رکھا ہے جہاں ترقی پذیر ممالک میں بچے کی پیدائش موت یا معذوری سے دوچار نہ ہو۔

XS
SM
MD
LG