رسائی کے لنکس

گیمبیا: جمیع ملک بدر، امریکہ کا اقتدار کی منتقلی کا خیرمقدم


یحیٰ جمیع
یحیٰ جمیع

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ''ہم جمہوریت کے لیے عزم کا خیرمقدم کرتے ہیں اور گذشتہ ہفتوں کے دوران گیمبیا کے عوام کی جانب سے دکھائے گئے تحمل و برداشت کے جذبے کو سراہتے ہیں''

گیمبیا کے انتخابات میں ہارنے والے رہنما، یحیٰ جمیع نے ہفتے کے روز جلاوطنی اختیار کی، جس کے بعد 22 سال سے جاری من مانی کے دور اور سیاسی تعطل کا خاتمہ ہوا، جس کے نتیجے میں مغربی افریقہ کا یہ ملک علاقائی فوجی مداخلت کی ابتدا کے دہانے پر پہنچ چکا تھا۔

ایسے میں جب وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ بنجال کے ہوائی اڈے پر بغیر نمبر والے ایک طیارے میں سوار ہوئے، جمیع نے کوئی پیغام نہیں دیا؛ اور کئی گھنٹوں بعد گِنی سے خبر موصول ہوئی کہ اُن کی پرواز وہاں اتر چکی ہے۔

اِس سفر کے دوران، گِنی کے صدر الفا کونڈے اُن کے ہمراہ تھے، جنھوں نے حالیہ دِنوں اُن کی جلا وطنی کے لیے ہونے والے مذاکرات میں شرکت کی تھی۔

جمیع نے 1994ء کی فوجی بغاوت میں اقتدار پر قبضہ جما لیا تھا۔ جمیع کی ملک بدری کے بعد ہفتوں سے جاری تنائو کا ماحول ختم ہوا جو اُس وقت شروع ہوا تھا جب یکم دسمبر کے قومی انتخابات میں حیران کُن شکست کے بعد اُنھوں نے عہدہ چھوڑنے سے انکار کر دیا تھا۔

اس کے نتیجے میں فوجی اقدام کا خطرہ ٹل گیا ہے، جس سے قبل سینیگال اور نائجیریا کی 7000 فوج جمعرات کو گیمبیا میں داخل ہوچکی تھی، جس نےدھمکی دی تھی کہ جمیع کی وفادار فوج کا مقابلہ کیا جائے گا۔

افریقی یونین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل دونوں نے مجوزہ مداخلت کی حمایت کی تھی۔

جمیع کے ملک بدر ہونے کے نتیجے میں آدما بارو کو اقتدار کی منتقلی کا راستہ ہموار ہوگیا، جنھوں نے سات ہفتے قبل عہدہ صدارت کا انتخاب جیتا تھا۔ باور نے جمعرات کو ہمسایہ ملک سینیگال میں قائم گیمبیا کے سفارت خانے میں اپنے عہدے کا حلف لیا تھا۔ توقع ہے کہ وہ ملک واپس آ جائیں گے۔

امریکہ نے گیمبیا کی حالات کی پیش رفت کا خیرمقدم کیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کےقائم مقام ترجمان، مارک ٹونر نے کہا ہے کہ ''امریکہ گیمبیا میں اقتدار کی پُر امن منتقلی کے جاری سلسلے کا خیر مقدم کرتا ہے اور حلف لینے پر صدر آدما بارو کو مبارکباد پیش کرتا ہے۔''

ترجمان نے کہا کہ ''ہم جمہوریت کے لیے عزم کا خیرمقدم کرتے ہیں اور گذشتہ ہفتوں کے دوران گیمبیا کے عوام کی جانب سے دکھائے گئے تحمل و برداشت کے جذبے کو سراہتے ہیں''۔

XS
SM
MD
LG