رسائی کے لنکس

الظواہری کا انجام بھی اسامہ بن لادن جیسا ہی ہوگا: گیٹس


الظواہری کا انجام بھی اسامہ بن لادن جیسا ہی ہوگا: گیٹس
الظواہری کا انجام بھی اسامہ بن لادن جیسا ہی ہوگا: گیٹس

القاعدہ کی جانب سے اعلان ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ بن لادن اور متعدد دوسرے افراد کی ہلاکت سے القاعدہ کو اگرچہ بھاری نقصان ہوا ہے ، تاہم تنظیم اب بھی اُن کا متبادل ڈھونڈنے کی کوشش کر رہی ہے اور وہ بدستور بن لادن کے دیے ہوئے ایجنڈے کی پابند ہے

امریکی محکمہٴ دفاع میں چوٹی کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ القاعدہ کے نئے لیڈر ایمن الظواہری کا انجام بھی اسامہ بن لادن جیسا ہوگا اور امریکی ملٹری اسے گرفتار کرے گی اور ہلاک کردیگی۔

وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نےنامہ نگاروں کو بتایا کہ ایمن الظواہری کو القاعدہ کے نئے لیڈر کی حیثیت سے چیلنجز کا سامنا ہوگا اور بقول مسٹر گیٹس کے ظواہری کے پاس اسامہ بن لادن سے مخصوص ’کیرزما‘ نہیں ہے۔

گیٹس نے یہ بھی کہا کہ ظواہری جو بن لادن کے نائب تھے اُن کے پاس اپنے لیڈر جیسا کارروائیوں کا تجربہ بھی نہیں ہے۔

مسٹر گیٹس نے کہا کہ القاعدہ کی جانب سے اعلان ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ بن لادن اور متعدد دوسرے افراد کی ہلاکت سے القاعدہ کو اگرچہ بھاری نقصان ہوا ہے ، تاہم تنظیم اب بھی اُن کا متبادل ڈھونڈنے کی کوشش کر رہی ہے اور وہ بدستور بن لادن کے دیے ہوئے ایجنڈے کی پابند ہے۔

اِس بریفنگ میں جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیرمین ایڈمرل مائیک ملن بھی وزیر دفاع گیٹس کے ساتھ موجود تھے جنھوں نے کہا کہ امریکہ القاعدہ کے نئے لیڈر کو تلاش کرے گا اور اُن کے ساتھ وہی کریگا جو بن لادن کے ساتھ ہوا تھا۔

بن لادن کی ہلاکت کے بعد سے امریکہ کے پاکستان کے ساتھ تعلقات شدید کشیدگی کا شکار ہیں اور کانگریس کے کچھ ارکان نے واشنگٹن کی جانب سے پاکستان کے لیے اربوں ڈالر کی امداد کے بارے میں سوال اُٹھائے ہیں۔

وزیر دفاع گیٹس نے کہا کہ پاکستان بدستور ایک اہم اتحادی ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت کا دروازہ بدستور کھلا رہنا چاہیئے۔

اُن کے الفاظ میں ’ہمیں ایک دوسرے کی ضرورت ہے۔ اور ہمیں محض افغانستان کے حوالے سے ہی ایک دوسرے کی ضرورت نہیں ہے۔ پاکستان، علاقائی استحکام اور وسط ایشیا کے حوالے سے ایک اہم ملک ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ یہ ایسے تعلقات ہیں جِن پر ہمیں کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ایڈمرل ملن نے، جنھوں نے مسٹر گیٹس کے ساتھ پاکستان کے متعدد دورے کیے ہیں، کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں دہشت گرد پاکستان کی نیوکلیئر ٹیکنالوجی کو حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

اُن کے الفاظ میں: ’ مستقبل میں مجھے جن چیزوں کے بارے میں اندیشہ ہے اُن میں سے ایک اس ٹیکنالوجی کا پھیلاؤ ہے اور ایسا امکان ہے کہ یہ دہشت گردوں کے ہاتھ لگ جائے جن میں سے بہت سے زندہ اور ٹھیک ٹھاک ہیں اور خطے میں اس کے حصول کی کوشش کر رہے ہیں، اور میرے خیال میں یہ ہمارے ملک کے لیے بلا شبہ باقی دنیا کے لیے انتہائی اہم ہے۔‘

گیٹس اِس ماہ کے آخر میں اپنے عہدے سے سبک دوش ہو رہے ہیں اور غالباً یہ اُن کی پینٹاگان میں میڈیا کے لیے آخری بریفنگ تھی۔

آڈیو رپورٹ سنیئے:

XS
SM
MD
LG