رسائی کے لنکس

یونان نے غزہ جانے والی کشتی روک دی


یونان نے غزہ جانے والی کشتی روک دی
یونان نے غزہ جانے والی کشتی روک دی

یونان کے ساحلی محافظوں نے غزہ امدادی سامان لے جانے والے بحری قافلے کی ایک کشتی کو آگے بڑھنے سے روک دیا۔

یونان کے عہدے داروں کا کہناہے کہ انہوں نے جمعرات کے روز ڈگنائٹ الکرما کو اس وقت روکا جب وہ کریٹ کے جزیرے کے قریب تیل بھر رہی تھی ۔ بعدازاں ساحلی محافظ اسے ایک قریبی بندرگاہ پر لے گئے۔اس چھوٹی فرانسیسی کشتی پر تقریباً دس امدادی کارکن سوار تھے۔

امدادی قافلے کے منتظمین یونان سے غزہ کے علاقے میں، جس کی اسرائیل نے بحری ناکہ بندی کررکھی ہے، تقریباً ایک درجن بحری جہاز بھیجنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

لیکن یونانی عہدے داروں نے بحری جہازوں پر یہ پابندی عائد کردی ہے کہ وہ غزہ نہیں جاسکتے۔ عہدے داروں کا کہناہے کہ انہیں امدادی کارکنوں کے تحفظ کے بارے میں خدشات ہیں۔ کیونکہ پچھلے سال ایک ایسے ہی تنازع میں اسرائیلی کمانڈوز کے ہاتھوں نو امدادی کارکن ہلاک ہوگئے تھے۔

اسرائیل کا کہناہے کہ اس نے 2007ء میں غزہ میں موجود حماس کے عسکریت پسندوں کو ہتھیاروں کی فراہمی روکنے کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کی تھی۔

اسی اثناء میں اسرائیل نے فلسطین نواز کارکنوں کے گروپوں کی بڑے پیمانے پر آمد کے پیش نظر تل ابیب میں اپنے بین الاقوامی ایئر پورٹ پر سینکڑوں پولیس اہل کار تعینات کردیے ہیں۔

سرگرم امدادی کارکن، جو آ ئندہ چند روز میں پروازوں کے ذریعے وہاں جانے کا ارادہ رکھتے ہیں ، کہا ہے کہ وہ ایک امن مشن پر ہیں اور وہ فلسطینوں کے لیے اپنی حمایت ظاہر کرناچاہتے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہناہے کہ ان کا عمومی طورپر بحری امدادی قافلے کے منتظمین سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

XS
SM
MD
LG