رسائی کے لنکس

غزہ پر اسرائیلی حملے جاری، 5 ہلاک


غزہ پر اسرائیلی حملے جاری، 5 ہلاک
غزہ پر اسرائیلی حملے جاری، 5 ہلاک

فلسطینی شدت پسندوں کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کے باوجود اسرائیلی افواج نے غزہ کی پٹی پر مسلسل دوسرے روز بھی فضائی حملوں کا سلسلہ جاری رکھا۔

اسرائیل کی جانب سے غزہ کے فلسطینی علاقے پر تازہ فضائی حملوں کا سلسلہ جمعرات کی صبح فلسطینی شدت پسندوں کی جانب سے کیے گئے ایک راکٹ حملے کے فوراً بعد شروع کیا گیا تھا۔ جنوبی اسرائیل پہ کیے گئے اس راکٹ حملے میں ایک اسکول بس کو نقصان پہنچا تھا جبکہ دو اسرائیلی شہری زخمی ہوگئے تھے۔

غزہ کی حکمران جماعت 'حماس' کی جانب سے اسرائیلی بمباری سے بچنے کیلیے جمعرات کی شب یک طرفہ سیز فائر کا اعلان کیا گیا تھا تاہم اسرائیلی افواج نے جمعہ کے روز بھی علاقے پر فضائی حملے جاری رکھے۔

اسرائیلی طیاروں نے فلسطینی علاقے میں واقع کئی عمارات اور اسمگلنگ کیلیے استعمال کی جانے والی مصر کی سرحد کے ساتھ بنائی گئی سرنگوں کو نشانہ بنایا۔

فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی طیاروں کی بمباری سے گزشتہ دو روز کے دوران غزہ میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد پانچ ہوگئی ہے۔

اسرائیلی حکام کے مطابق فلسطینی شدت پسندوں کی جانب سے جمعرات کے روز اسرائیل کے مختلف علاقوں پر 45 سے زائد راکٹ داغے گئے تھے۔ اسرائیلی وزیرِاعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کی جانب سے فائر کیے گئے کم از کم دو راکٹوں کو "آئرن ڈوم" نامی اسرائیل کے نئے میزائل دفاعی نظام نے فضاء میں ہی نشانہ بنا کر ناکارہ کردیا۔

واضح رہے کہ صیہونی حکومت نے فلسطینی شدت پسندوں کی جانب سے بڑھتے ہوئے مارٹر اور راکٹ حملوں سے جنوبی اسرائیل کو محفوظ رکھنے کی غرض سے گزشتہ ماہ علاقے میں "آئرن ڈوم" نامی میزائل دفاعی نظام کی تنصیب کا اعلان کیاتھا۔ حکام کے مطابق یہ نظام 5 سے 70 کلومیٹر کی دوری سے فائر کیے گئے راکٹ کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

XS
SM
MD
LG