رسائی کے لنکس

ماڈل کے اہل خانہ کی جانب سے جاری بیان میں ان کی موت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ اس موقع پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اہل ِخانہ کو اُن کی موت کا نہایت افسوس ہے۔

برطانوی ماڈل اور میڈیا کی جانی پہچانی شخصیت پیچز گیلڈآف انتقال کر گئی ہیں۔ ان کی موت پُر اسرار طور پر ہوئی۔ پیچر گیلڈآف برطانیہ کے جنوب مشرقی علاقے کینٹ میں واقع اپنے گھر میں مردہ پائی گئیں۔ ان کی عمر 25 سال تھی۔

ان کے والد باب گیلڈ آئرش سنگر تھے اور پیچز ان کی دوسری صاحبزادی تھیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق پیچز کے اہل ِخانہ کی جانب سے جاری بیان میں اُن کی موت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔

پیچز گیلڈآف کے خاندان کی جانب سے اس موقع پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اہل ِخانہ کو ان کی موت کا نہایت افسوس ہے۔

پیچز ماضی میں منشیات استعمال کرتی رہی ہیں لیکن سن 2009ء میں ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے منشیات چھوڑنے کی تصدیق کی تھی۔

پیچز کی موت کی اطلاع سے برطانوی انٹرٹیمنٹ انڈسٹری اور فیشن حلقوں پر سوگ کی فضا طاری ہے۔ گیلڈآف ناصرف ایک اچھی ماڈل تھیں بلکہ وہ ٹی وی پریزینٹر ہونے کے ساتھ ساتھ فیشن پر لکھتی بھی تھیں۔ لندن اور نیویارک میں ان کے بے شمار فیشن شوز منعقد ہو چکے ہیں۔

گیلڈآف جب گیارہ سال کی تھیں تو ان کی والدہ پاؤلہ جو خود بھی ٹی وی پریزینٹر تھیں، منشیات کی زیادہ مقدار لینے کے باعث سن 2000ء میں انتقال کر گئی تھیں۔

گزشتہ اتوار کو پیچز نے آخری مرتبہ ٹوئٹ کیا تھا۔ ٹوئٹ کے ساتھ ساتھ انہوں نے اپنی والدہ کی اپنے ساتھ کھنچی ہوئی ایک تصویر بھی شیئر کی تھی جس کا عنوان تھا، ’میں اور میری والدہ‘۔
XS
SM
MD
LG