رسائی کے لنکس

جنرل راحیل شریف کی جان کیری سے ملاقات


اس موقعے پر، امریکی وزیر خارجہ نے امریکہ پاکستان شراکت داری پر امریکی وابستگی کا اعادہ کیا اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی لانے کے مشترکہ عزم کی اہمیت کو تسلیم کیا

پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف، جنرل راحیل شریف نے بدھ کو واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے ملاقات کی۔

محکمہٴ خارجہ کے ایک ترجمان نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ملاقات کے دوران اکتوبر میں وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ سکیورٹی معاملات پر ہونے والی بات چیت کے سلسلے میں مزید گفتگو ہوئی۔

ترجمان نے بتایا کہ جنرل راحیل شریف کے ساتھ ہونے والی گفتگو ان باہمی مذاکرات کا حصہ ہے جو امریکہ پاکستان کے مختلف اہلکاروں کے ساتھ کرتا ہے، اور ہم اپنے دوطرفہ دفاعی اور سکیورٹی تعلقات کے حوالے سے ہونے والی تفصیلی بات چیت کے معترف ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ کیری نے امریکہ پاکستان شراکت داری پر امریکی وابستگی کا اعادہ کیا اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی لانے کے مشترکہ عزم کی اہمیت کو تسلیم کیا۔

آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جرنل لیفٹیننٹ جرنل عاصم سلیم باجوہ نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ ’ملاقات میں افغانستان اور بھارت سمیت، خطے میں استحکام لانے کی ضرورت اور اس کے لیے اقدامات پر تفصیل سے بات ہوئی‘۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’جنرل راحیل شریف نے مسئلہ کشمیر کے حل کی ضرورت کو اجاگر کیا‘۔

ملاقات میں، نمائندہٴ خصوصی، رچرڈ اولسن بھی موجود تھے، جنہوں نے گذشتہ روز ہی باضابطہ طور پر یہ عہدہ سنبھالا۔

XS
SM
MD
LG