رسائی کے لنکس

'قد' کا تعین کرنے والی جینز جیون ساتھی کا انتخاب بھی کرتی ہے


جو جینز لوگوں کے قد کا تعین کرتی ہے وہی اس بات کا فیصلہ بھی کرتی ہے کہ آپ کا جیون ساتھی کیسا ہونا چاہیے۔

کچھ لوگ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ جیون ساتھی کے انتخاب میں قسمت یا پھر اتفاق کا عمل دخل زیادہ ہوتا ہے. لیکن سائنس دان آپ کے رومانوی رشتے کے حوالے سے ایک غیر رومانوی وجہ ڈھونڈ لائے ہیں جن کا کہنا ہے کہ جیون ساتھی کے انتخاب میں ہماری جینز کا اہم کردار ہے۔

محققین نے جریدہ 'جینیوم بائیولوجی' کے جنوری کے شمارے میں شائع ہونے والی تحقیق میں لکھا ہے کہ جو جینز لوگوں کے قد کا تعین کرتی ہے وہی اس بات کا فیصلہ بھی کرتی ہے کہ آپ کا جیون ساتھی کیسا ہونا چاہیے۔

اس تحقیق کے لیے ایڈنبرا کے محققین کی ٹیم نے 13 ہزار سے زائد شادی شدہ جوڑوں کے جینو ٹائپ (ایک فرد کی جین کا مجموعہ) کا تجزیہ کیا ہے، جس سے پتا چلا کہ لوگوں کے قد کا تعین کرنے والی جینز جیون ساتھی کے انتخاب پر بھی اثر انداز ہوتی ہے۔

محققین نے کہا کہ یہ نتائج اس حوالے سے مزید معلومات فراہم کرتے ہیں کہ کیوں ہم طویل رومانوی رشتے کے لیے اپنے قد سے ملتے جلتے ساتھی کا انتخاب کرنا چاہتے ہیں۔

گزشتہ صدی کے متعدد مطالعوں سے پتا چلا تھا کہ رومانوی ساتھی کے انتخاب کے لیے قد کو ایک اہم خاصیت سمجھا جاتا ہے تاہم اس ترجیح کی اب تک کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی ہے۔

لیکن نئی تحقیق میں جیون ساتھی کے انتخاب میں ایک شخص کی جسمانی خصوصیات کے تعلق اور جینیاتی تبدیلیوں کے کردار دونوں پر تحقیقات کی گئی ہیں۔

یونیورسٹی آف ایڈنبرا سے وابستہ تحقیق کار ڈاکٹر البرٹ ٹینیسا نے کہا کہ ہماری جینز جیون ساتھی کے انتخاب کے لیے ہماری توجہ ہم سے ملتے جلتے قد کے حامل فرد کی طرف لے جاتی ہے۔ مثال کے طور پر لمبا قد رکھنے والا شخص لمبے ساتھی کے ساتھ اپنا جوڑا بنانا پسند کرتا ہے۔

انھوں نے کہا ہمیں پتا چلا ہے کہ 89 فیصد جینیاتی تبدیلیاں جو قد کےحوالے سے ایک انفرادی شخص کی ترجیح پر اثر انداز ہوتی ہیں وہی ہمارے قد کا تعین بھی کرتی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہمار ے قد کا تعین جینیاتی اور ماحولیاتی عوامل کے مجموعے سے ہوتا ہے۔

تحقیق کار البرٹ ٹینیسا نے جسمانی کشش کے رول ماڈل کے طور پر قد کا استعمال کرتے ہوئے یہ تعین کرنے کی کوشش کی کہ کیا جسمانی کشش کے لیے جینز ذمہ دار ہے جو جیون ساتھی کے لیے قد کی ترجیح کو کنٹرول کرتی ہے۔

مطالعے سے نتیجہ اخذ کرتے ہوئے البرٹ ٹینیسا نے کہا کہ ہماری جینز ہمارے جیون ساتھی کی اونچائی کی پیش گوئی کرنے کے لیے استعمال کی جا سکتی ہے۔

سفید برطانوی جوڑوں پر کی جانے والی تحقیق میں ماہرین نے دیکھا کہ ایک ہی جیسے قد کے ساتھی کے لیے کشش کس حد تک جینیاتی میک اپ سے متاثر تھی۔

تجزیہ نے ایک شخص کی اپنی اونچائی اور اس کے جینیاتی میک اپ کے درمیان تعلق کو ظاہر کیا یہ تعلقات اس طرف اشارہ کر رہے تھے کہ جینز جو نہ صرف ایک شخص کی ظاہری شخصیت کا تعین کرتی ہیں بلکہ جیون ساتھی کے انتخاب میں ایک مخصوص ظاہری شخصیت رکھنے والے شخص کی طرف بھی متوجہ کرتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG