رسائی کے لنکس

جارج کلونی اور امل عالم الدین شادی کے بندھن میں بندھ گئے


آسکر ایواڈ یافتہ ہیرو جارج کلونی اور انسانی حقوق کی وکیل امل عالم الدین نے 27 ستمبر ہفتہ کی شام ایک نجی تقریب میں قریبی دوستوں کی موجودگی میں شادی کے دو بولوں کا اقرار کر لیا ہے

ہالی وڈ فلم انڈسٹری کے ایک عرصے تک کنوارے کہلانے والے ہیرو جارج کلونی ہفتہ کو اپنی منگیتر امل عالم الدین کے ساتھ اٹلی کے شہر وینس میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔


خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، جارج کلونی کے نمائندے اسٹین روزین فیلڈ نے اس خبر کی تصدیق کی ہے کہ آسکر ایوارڈ یافتہ ہیرو جارج کلونی اور انسانی حقوق کی وکیل امل عالم الدین 27 ستمبر ہفتہ کی شام ایک نجی تقریب میں اپنےقریبی دوستوں کی موجودگی میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔

ان کی شادی کی یہ تقریب وینس شہر کی سولہویں صدی کی عظیم عمارت پلازو پاپا دوپولی کے سات ستارہ ہوٹل میں انجام پائی۔


خیال ظاہر کیا گیا ہے کہ چار روزہ شادی کی تقریبات پیر کے روز اختتام پذیر ہو جائیں گی اور اسی دن اٹلی کے قانون کے مطابق وینس کے ٹاون ہال میں باقاعدہ طور پران کی سول میرج اٹلی کے سابق مئیر والٹر ویلٹرونی رجسٹر کریں گے۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ جارج کلونی کو ہفتے کی شام دولہا کے لباس میں دیکھا گیا جو ایک واٹر موٹر ٹیکسی میں اپنے والد نک اور دوستوں سنڈی کرافورڈ اور برانڈے جریر کے ہمراہ سوار تھے جبکہ ان کے ساتھ باراتیوں کی 20 سے زائد کشتیاں تھیں جن میں جارج کلونی کے خاص دوست واحباب اور مشہور فلمی ستارے سوار تھے۔

جارج کلونی اپنی دلہن کو لینے کے لیے ہوٹل کی قیام گاہ 'بیل مونڈ ہوٹل سیپریانی سے شادی کی تقریب کے مقام سات ستارہ ہوٹل ' امان کینال گرانڈے وینس ' تک پندرہ منٹ کے مختصر سفر کے بعد پہنچے جہاں ان کی دلہن پہلے سے ان کا انتظار کر رہی تھیں۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ اس موقع پر جارج کلونی کی کشتی کو پولیس کے دستوں اور فوٹوگرافروں کی کشتیوں نے گھیرے میں لے رکھا تھا جبکہ شہر کی مرکزی نہر گرینڈ کینال کے اطراف میں جارج کلونی کے مداحوں اور سیاحوں کی بھیڑ موجود تھی جو اپنے ہر دلعزیز ہیرو کی ایک جھلک دیکھنے کے منتظر تھے۔


وینس کی روایتی کشتی گوندیلا چلانے والوں کا کہنا تھا کہ شام کے وقت گرینڈ کینال میں کشتیوں کا ٹریفک اتنا زیادہ بڑھ گیا تھا جس کی وجہ سےنہر میں "سونامی کی طرح بڑی بڑی لہریں" پیدا ہو رہی تھیں۔


جارج کلونی کی شاندار شادی کی تقریبات میں شرکت کی غرض سے اٹلی پہنچنے والے فلمی ستاروں میں سرفہرست اداکارہ کیٹ بلینچٹ، سینڈرا بلوک، میٹ ڈیمن ان کی اہلیہ لوسیانا ،بونو (یوٹو بینڈ) اور سنڈی کرافورڈ اور ان کے شوہر رینڈی جریرکے نام شامل ہیں ۔


مقامی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ پلازو پاپا دوپولی جو کہ اب سات ستارہ امان ریزوٹ ہے، کو شادی کی تقریب کے لیے خصوصی طور پر پھولوں سے سجایا گیا تھا جبکہ کشتی میں امل عالم الدین کو شادی کےخوبصورت عروسی جوڑے میں دیکھا گیا ہے جو اپنی برائڈ میڈ یعنی بہن تالا اور آڈری ہیپبرن اورجیکولین کینیڈی کے ہمراہ واٹر موٹر بوٹ میں سوار تھیں ۔


خیال ہے کہ اتوار کے روز جارج کلونی کی طرف سے مہمانوں کے لیے ایک بار پھر ان کی قیام گاہ بیل مونڈ ہوٹل سیپریانی میں ایک شاندار ضیافت کا اہتمام کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG