رسائی کے لنکس

برطانیہ: رکن پارلیمان جارج گیلووے حملے میں زخمی


فائل

فائل

ترجمان کے مطابق جارج گیلووے کے چہرے اور سر پر شدید زخمی آئے ہیں اور وہ اس وقت اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

برطانیہ کے مشہور سیاست دان اور حزبِ اختلاف کی 'ریسپیکٹ پارٹی' کے رکنِ پارلیمان جارج گیلووے خود پر ہونے والے ایک حملے میں زخمی ہوگئے ہیں۔

جارج گیلووے کے ترجمان نے ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ 60 سالہ رہنما جمعے کی شام لندن کے علاقے ناٹنگ ہِل میں عام لوگوں کے ساتھ تصاویر کھنچوا رہے تھے جب ان پر ایک شخص نے حملہ کیا۔

ترجمان کے مطابق جارج گیلووے کے چہرے اور سر پر شدید زخمی آئے ہیں اور انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کی حالت بہتر ہے۔

ترجمان نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ گیلووے پر حملہ کرنے والا شخص دوسری جنگِ عظیم کے دوران جرمنی میں یہودیوں کے قتلِ عام (ہولو کاسٹ) سے متعلق نعرے بلند کر رہا تھا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ گیلووے پر حملہ ان کے اسرائیل مخالف موقف کے باعث کیا گیا ہے۔

پولیس نے حملہ آور کو حراست میں لے لیا ہے جس کی عمر 39 سال بتائی گئی ہے۔ گیلووے کے ترجمان کے مطابق انہوں نے اسپتال میں پولیس کو اپنا بیان بھی ریکارڈ کرادیا ہے۔

جارج گیلووے نے فلسطین کے علاقے غزہ پر اسرائیل کے حالیہ حملوں کے خلاف کئی سخت بیانات جاری کیے تھے جب کہ وہ برطانیہ میں اسرائیل کے خلاف مظاہروں کے انعقاد اور اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم میں بھی پیش پیش رہے ہیں۔

رواں ماہ اپنے حلقۂ انتخاب بریڈ فورڈ ویسٹ کو "اسرائیل سے پاک" علاقہ قرار دینے پر جارج گیلووے پر نسلی تعصب کو ہوا دینے کے الزامات بھی عائد کیے گئے تھے جس کے بعد گزشتہ ہفتے پولیس نے ان سے تفتیش کی تھی۔

گیلووے نے اپنے خلاف پولیس تحقیقات کو "پولیس کے وقت او رپیسے کا زیاں" قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا۔

XS
SM
MD
LG