رسائی کے لنکس

جرمن چانسلر صدر اوباما سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کریں گی


جرمن چانسلر صدر اوباما سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کریں گی
جرمن چانسلر صدر اوباما سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کریں گی

جرمنی کی چانسلر اینجلا امریکی صدر براک اوباما سے ملاقات کے لیے واشنگٹن میں ہیں۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان منگل کو ہونے والی ملاقات میں لیبیا میں جاری نیٹو افواج کے آپریشن پر تبادلہ خیال ہوگا۔ جرمنی اس پراجیکٹ کی حامی نہیں ہے۔

حکام کے مطابق دونوں رہنما افغانستان، تیونس، مشرقِ وسطیٰ کے امن عمل اور عالمی معیشت سے متعلق موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

توقع ہے کہ صدر اوباما منگل کی شب ایک خصوصی عشائیہ میں جرمن چانسلر کو "امریکی تمغہ آزادی" عطا کریں گے۔ مس مرکل جرمن چانسلر کے عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون ہیں۔

اس سے قبل امریکی صدر اور جرمن چانسلر نے پیر کی شب واشنگٹن کے تاریخی نواحی علاقے جارج ٹاؤن کے ایک ریستوران میں کھانا کھایا ۔

جرمن چانسلر ایک ایسے موقع پر امریکہ کا دورہ کر رہی ہیں جب ان کا ملک 'ای کولی' نامی بیکٹیریا کی وبا سے نمٹنے کی کوششوں میں مصروف ہے جس سے اب تک 22 افراد ہلاک اور 2200 کے لگ بھگ متاثر ہوچکے ہیں۔

پیر کے روز جرمنی کی کابینہ نے ایک منصوبے کی بھی منظوری دی تھی جس کے تحت 2022ء تک جرمنی کے تمام جوہری بجلی گھر بند کردیے جائیں گے۔ اس منصوبے کی منظوری کے بعد جرمنی دنیا کا وہ پہلا بڑا صنعتی ملک بن گیا ہے جو جوہری توانائی کا استعمال ترک کرکے بجلی کے حصول کے لیے مکمل طور پر متبادل ذرائع پر انحصار کرے گا۔

XS
SM
MD
LG