رسائی کے لنکس

جرمنی: کیبل کار میں پھنسے 20 سیاحوں کی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے رہائی


خوبصورت تاریخی قلعہ نیوشو انسٹائن ۔جرمنی
خوبصورت تاریخی قلعہ نیوشو انسٹائن ۔جرمنی

جرمنی کی امدادی ٹیموں نے باویریا کے ایلپس پہاڑی سلسلے میں زمین سے ایک سو میٹر کی بلندی پر پھنسی ہوئی کیبل کار سے 20 سیاحوں کو نکال کر بچا لیاہے۔

فضا میں معلق کیبل کار میں پھنے ہوئے سیاحوں کو، جن میں بچے اور بڑی عمر کے افراد بھی شامل تھے ہفتے کی صبح ہیلی کاپٹر وں کے ذریعے نکالا گیا ۔

سیاحوں کو آزاد ہونے سے قبل تقریباً 12 مربع میٹر کی کیبل کار کے اندر پوری ایک رات بسر کرنا پڑی۔ حکام کا کہناہے کہ تمام سیاح بخیریت اور صحت مند ہیں۔

کیبل کار کے ذریعے سیاح جرمنی کے جنوب میں آسٹریا کی سرحد کے قریب ایک پہاڑی چوٹی پر واقع خوبصورت محل نیوشو انسٹائن کا نظارہ کرنے جاتے ہیں۔

گذشتہ سوا سو سال کے دوران چھ کروڑ سے زیادہ سیاح اس محل کا نظارہ کرچکے ہیں۔ ڈزنی ورلڈ کی کارٹون فلم ’سلیپنگ بیوٹی‘ بھی اس محل کے حسن سے متاثر ہوکر بنائی گئی تھی۔

عہدے داروں کا کہناہے کہ جمعے کے روز دو گلائیڈرز کے کیبل کار سے ٹکرانے کے بعد وہ خراب ہوکر رک گئی تھی۔

امدادی ٹیموں نے پھنسے ہوئے سیاحوں کو رات گذارنے کے لیے خوراک اور بچوں کوبہلانے کے لیے کھلونے مہیا کیے۔ تاہم انہیں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے نکالنے کے لیے صبح سورج طلوع ہونے کا انتظار کرنا پڑا۔

اس حادثے میں جمعے کے روز ایک دوسری کیبل زمین کے قریب خراب ہو کر رک گئی۔ جس میں پھنسے ہوئے سیاحوں کو امدادی کارکنوں نے رات ہونے سے پہلے بحفاظت نکال لیا۔

گلائیڈرزاڑانے والے دو مہم جوؤں کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اس حادثے میں انہیں معمولی چوٹیں آئیں ۔

ہیلی کاپٹروں نے پہاڑی کی چوٹی پر سے ایک سوسے زیادہ ان سیاحوں کو بھی بحفاظت نکالا، جو حادثے کی وجہ سے وہاں پھنس گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG