رسائی کے لنکس

جرمنی: تمام جوہری بجلی گھر 2022ء تک بند کرنے کا اعلان


جرمنی: تمام جوہری بجلی گھر 2022ء تک بند کرنے کا اعلان
جرمنی: تمام جوہری بجلی گھر 2022ء تک بند کرنے کا اعلان

جرمنی نے 2022ء تک اپنے تمام جوہری بجلی گھر بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ توانائی کے حصول کے لیے متبادل ذرائع پر انحصار کیا جائے گا۔

مذکورہ فیصلہ پیر کے روز دارالحکومت برلن میں ہونے والے جرمنی کے حکمران اتحاد کے قائدین کے ایک اجلاس میں کیا گیا جس کی میزبانی چانسلر اینجلا مرکل نے کی۔

اجلاس کامقصد ایک دہائی کے اندر اندر ملک کے تمام جوہری بجلی گھروں کی بندش کے منصوبے پر اتفاقِ رائے کا حصول تھا تاکہ جاپان کے 'فوکو شیما نیوکلیئر پاور پلانٹ' کی تباہی کے بعد جرمن عوام میں مقامی بجلی گھروں کے حوالے سے ابھرنے والے خدشات کا تدارک کیا جاسکے۔

حکمران اتحاد کے رہنماؤں نے اپنے اجلاس میں جرمنی کے 17 میں سے 14 جوہری بجلی گھر 2021ء تک مرحلہ وار بند کرنے پر اتفاق کیا۔ دیگر تین بجلی گھروں کو مزید ایک سال تک فعّال رکھا جائے گا تاکہ بجلی کے اچانک بحران کی صورت میں انہیں استعمال میں لایا جاسکے۔

جرمنی کی خبر رساں ایجنسی 'ڈی پی اے' کے مطابق منصوبے کی منظوری چانسلر اینجلا مرکل اور حکومت کی اتحادی جماعتوں کے قائدین کے مابین ہونے والے 12 گھنٹے طویل مذاکرات کے بعد دی گئی۔

ماحولیات کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی انجمنیں اور جرمنی کی 'گرین پارٹی' جوہری بجلی گھروں کی فوری بندش کا مطالبہ کر رہی ہیں۔

تاہم صنعتی ترقی کے حامیوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ معاملے پر صبر سے کام لینے کی ضرورت ہے کیونکہ بجلی گھروں کی فوری بندش سے ملک میں توانائی کا بحران پیدا ہوسکتا ہے جس سے صنعتوں کو نقصان پہنچے گا۔

XS
SM
MD
LG