رسائی کے لنکس

آتش فشاں سے راکھ کا اخراج، جرمنی کے کئی ہوائی اڈے بند


آتش فشاں سے راکھ کا اخراج، جرمنی کے کئی ہوائی اڈے بند
آتش فشاں سے راکھ کا اخراج، جرمنی کے کئی ہوائی اڈے بند

آئس لینڈ کا ایک آتش فشاں پھٹنے کے بعد اس سے خارج ہونے والی راکھ فضاء میں مسلسل پھیل رہی ہے اور اس کے گہرے بادلوں کے باعث شمالی جرمنی کے کئی ہوائی اڈوں کو ہر قسم کی پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

جرمن حکام کے مطابق بند کیے گئے ایئرپورٹس میں برلن، بریمین اور ہیمبرگ کے ہوائی اڈے بھی شامل ہیں۔

ماہرین کے مطابق آئس لینڈ کے 'گرمس ووٹ' نامی آتش فشاں کے دہانے سے نکلنے والی راکھ کے بادلوں کی کثافت میں گذشتہ روز کے مقابلے میں کمی آئی ہے۔

منگل کے روز راکھ کے یہ بادل اسکاٹ لینڈ تک پھیل گئے تھے جس کے باعث برطانوی فضائی حدود میں سینکڑوں پروازیں منسوخ کردی گئی تھیں۔ ما ہرین کے اندازے کے مطابق راکھ اسکینڈے نیوین علاقے سے مشرق کی طرف پھیلتے ہوئے بدھ تک نیدر لینڈز اور جرمنی کی فضائی حدود کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لے گی۔

آئس لینڈ کے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آتش فشاں کے دہانے سے خارج ہونے والی راکھ میں نسبتاً کمی آئی ہے۔

گزشتہ سال بھی آئس لینڈ ہی کے ایک دوسرے آتش فشاں سے خارج ہونے والی راکھ کے یورپ کی فضائی حدود میں پھیل جانے کے باعث ہزاروں پروازیں منسوخ اور لاکھوں مسافر متاثر ہوئے۔ فضائی آپریشنز میں گزشتہ برس آنے والے اس تعطل کے باعث ہوائی کمپنیوں کو لگ بھگ دو ارب امریکی ڈالرز کا نقصان اٹھانا پڑا تھا۔

گذشتہ سال کے برعکس اس سال یورپ کے فضائی حکام نے راکھ سے متاثرہ علاقوں کو 'نو فلائی زون' قرار دینے کے بجائے پروازیں جاری یا معطل رکھنے کا فیصلہ فضائی کمپنیوں پر چھوڑ دیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آتش فشانی راکھ جہازوں کے انجن متاثر کرکے انہیں دورانِ پرواز ناکارہ کرسکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG