رسائی کے لنکس

جرمنی اور فرانس کوارٹر فائنل میں، الجزائر اور نائجیریا آؤٹ


جرمنی الجزائر کو ہرا کر کوارٹر فائنل میں پہنچا ہے جہاں اس کا مقابلہ فرانس سے ہوگا جس نے پیر کو کھیلے جانے والے پہلے میچ میں نائجیریا کو 0-2 سے شکست دی۔

برازیل میں جاری فٹ بال ورلڈ کپ کے 'ناک آؤٹ' راؤنڈ کے ایک سنسنی خیز میچ میں جرمنی الجزائر کو 1-2 سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا ہے۔

اب چار جولائی کو ہونے والے کوارٹر فائنل میں جرمنی کا مقابلہ فرانس سے ہوگا جس نے پیر کو کھیلے جانے والے پہلے میچ میں نائجیریا کو 0-2 سے شکست دی تھی۔

الجزائر کی ٹیم 'دوسرے راؤنڈ' میں بچنے والی واحد افریقی ٹیم تھی جس نے پیر کو پورٹ الیگر میں ہونے والے میچ میں جرمنی کو 'ٹف ٹائم' دیا۔

الجزائر کے مضبوط دفاع اور پراعتماد کھیل کے باعث جرمنی کی ٹیم باوجود کوشش کے میچ کے متعین وقت کے دوران کوئی گول نہ کرسکی اور میچ کا فیصلہ اضافی وقت کے دوران ہوا۔

جرمنی کی جانب سے پہلا گول 92 ویں منٹ میں آندرے شوئرل نے کیا۔ میچ کے اختتام لمحات میں میسوط اوزل نے ایک اور گول کرکے اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنادی۔

لیکن جاتے جاتے الجزائر کے عبدالمومن جابو گول اسکور کرنے میں کامیاب ہوگئے اور یوں میچ کا فیصلہ 1-2 سے جرمنی کے حق میں ہوا۔

الجزائر تاریخ میں پہلی بار 'لاسٹ 16' مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب ہوا تھا ۔ اس کے برعکس جرمنی نے اپنا پہلا ورلڈ کپ 1938ء میں کھیلا تھا اور اس نے اس کے بعد سے اب تک ہونے والے تمام ورلڈ کپس کے کوارٹر فائنل تک پہنچنے کا اپنا ریکارڈ برقرار رکھا ہے۔

اس سے قبل بیلو ہوریزانٹے میں کھیلے جانے والے میچ میں فرانس نے نائجیریا کو 0-2 سے ہراکر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا تھا۔

کوارٹر فائنل تک پہنچنے کے لیے ہونے والا یہ مقابلہ فرانس کے لیے بھی اتنا آسان ثابت نہیں ہوا اور نائجیریا نے فرانسیسی ٹیم کو تگنی کا ناچ نچائے رکھا۔

نائجیرین گول کیپر ونسنٹ اینیاما نے اپنے گول پوسٹ کا بھرپور دفاع کیا اور فرانسیسی اسٹرائیکرز کے کئی حملوں کو کامیابی سے روکا۔

پہلے ہاف کے اختتام پر میچ بغیر کسی گول کے برابر تھا۔ فرانس نے اپنے دونوں گول میچ کے اختتامی 11 منٹ میں کیے۔

پہلا گول پال پوگبا نے 79 ویں منٹ میں کیا جب کہ دوسرا گول جوزف یوبو نے اضافی وقت کے دوران کیا۔

خیال رہے کہ افریقی چیمپئن نائجیریا کبھی بھی ورلڈ کپ کے 'سپر 16' مرحلے سے آگے نہیں بڑھ پائی ہے۔

XS
SM
MD
LG