رسائی کے لنکس

گھانا: پیٹرول اسٹیشن پر دھماکہ، کم از کم 150 افراد ہلاک


اقرا
اقرا

صدر جان ماہاما نے جمعرات کے روز بتایا کہ اِن ہلاکتوں پر ملک میں سہ روزہ سوگ منایا جائے گا۔ ساتھ ہی، اُنھوں نے امدادی کارروائیوں اور نقصان پہنچنے والے زیریں ڈھانچے کی تعمیر نو کے لیے حکومت کی جانب سے ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالر مختص کرنے کا اعلان کیا

گھانا کے صدر نے کہا ہے کہ دارلحکومت اقرا میں پیٹرول اسٹیشن پر ہونے والے دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 150 ہوگئی یے۔

صدر جان ماہاما نے جمعرات کے روز صحافیوں کو بتایا کہ اِن ہلاکتوں پر ملک میں سہ روزہ سوگ منایا جائے گا۔ ساتھ ہی، اُنھوں نے امدادی کارروائیوں اور نقصان پہنچنے والے زیریں ڈھانچے کی تعمیر نو کے لیے حکومت کی جانب سے ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالر مختص کرنے کا اعلان کیا۔

جائے حادثہ سے موصولہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ وسطی اقرا میں واقع اس پیٹرول اسٹیشن پر ہونے والے دھماکے اور اُس کے نتیجے میں لگنے والی آگ کوامے نکروما سرکل کی قریبی عمارات تک پھیل گئی۔

فائر بریگیڈ کے ترجمان، بِلی اناگلیٹ نے بتایا ہے کہ آگ قریبی عمارت میں لگی جو فوری طور پر گیس اسٹیشن اور دیگر عمارات تک پھیل گئی۔
بقول اُن کے، کیونکہ یہ ایک پیٹرول پمپ ہے، وہاں ایندھن کے ذرات تھے جنھوں نے فوری آگ پکڑ لی۔۔۔‘

اہل کاروں کا کہنا ہے کہ مقامی اسپتالوں میں ہلاک شدگان کی متعدد لاشیں رکھی گئی ہیں؛ جب کہ مزید ہلاک و زخمیوں کی تلاش جاری ہے، اور حکام نے متنبہ کیا ہے کہ تعداد بڑھنے کا امکان ہے۔

ٹیلی ویژن فٹیج اور جائے حادثہ کی تصاویر میں بکھری ہوئی لاشیں اور جلی ہوئی گاڑیاں دیکھی جا سکتی ہیں، جب کہ قریبی سڑکوں پر پانی کھڑا ہے۔

اقرا کے میئر اور پارلیمان کے ایک رکن کے ہمراہ، صدر جان ماہاما نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔ صدر نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ یہ ’تباہ کُن‘ نوعیت کا واقع ہے اور اس عزم کو دہرایا کہ آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کی کوشش کی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG