رسائی کے لنکس

گیلانی لندن پہنچ گئے: دورے کا مقصد اسٹریٹجک ڈائلاگ میں شرکت


اجلاس میں دونوں وزرائے اعظم دفاع، سکیورٹی، تجارت، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں گذشتہ سال سے ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے اہم فیصلے کریں گے: واجد شمس الحسن

وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی برطانیہ کے پانچ روزہ سرکاری دورے پر منگل کی شب لندن پہنچے۔ دورے کا مقصد برطانیہ اور پاکستان کے درمیان گذشتہ سال شروع کیے گئےEnhanced Strategic Dialogueکے جائزہ اجلاس میں شرکت کرنا ہے۔

اس موقع پر وزیر اعظم گیلانی اپنےبرطانوی ہم منصب ڈیوڈ کیمرون سمیت اعلیٰ حکومتی اور سول عہدے داروں سے باہمی دلچسپی کے امور اوردو طرفہ تعلقات میں بہتری کے حوالے سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر واجد شمس الحسن نے’وائس آف امریکہ‘ سے گفتگو میں کہا کہ ’انہانسڈ اسٹریٹجک ڈائلاگ‘ کےجائزہ اجلاس میں دونوں وزرائے اعظم دفاع، سکیورٹی، تجارت، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں گذشتہ سال سے ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے اہم فیصلے کریں گے۔

پاکستانی حکام کے مطابق، وزرائے اعظم کی سطح پر ہونے والی اعلیٰ سطحی بات چیت میں برطانیہ اور پاکستان کے درمیان 2015ء تک 2.5بلین پاؤنڈز کے تجارتی ہدف کے حصول کے لیے روڈمیپ پر بھی اتفاق کیا جائے گا۔

وزیر اعظم گیلانی ایسے وقت برطانیہ کا دورہ کر رہے ہیں جب منگل کے روز سپریم کورٹ کی جانب سے توہین عدالت کے مقدمے میں اُن کے خلاف تفصیلی فیصلہ جاری ہونے کے بعد اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ان سے مستعفی ہونے کے مطالبات میں شدت دیکھنے میں آئی ہے۔

پاکستان سے برطانیہ سفر کے دوران طیارے میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے، وزیر اعظم گیلانی نے مستعفی ہونے کے مطالبات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ دھمکانے سے اقتدار نہیں چھوڑیں گے، بلکہ عدالتی سزا کے خلاف قانونی اور آئینی حدود میں رہتے ہوئے اپنی جنگ آخری حد تک لڑیں گے۔

اُنھوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں پیپلز پارٹی کی دوبارہ جیت کر اقتدار میں آنے سےخائف ہیں، تاہم اُنھیں ایک منتخب وزیر اعظم کو نکالنے کے لیے سخت محنت کرنا پڑے گی۔

وزیراعظم گیلانی کا کہنا تھا کہ اگر سرائیکی عوام کے لیےعلیحدہ صوبے کے مطالبے کو دبانے کی کوشش کی گئی تو وہاں احتجاجی تحریک شروع ہوجائے گی۔

اُن کے دورہٴ برطانیہ کے خلاف مقامی تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کی جانب سے احتجاجی جلسے کرنے کے اعلانات کیے گئے ہیں۔

دورے کے دوران، پاکستانی وزیر اعظم برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ، وزیر داخلہ تھریسا مئی اور وزیر دفاع فلپ ہیمنڈ سے ملاقاتوں کے علاوہ ’برٹش پاکستانی فاؤنڈیشن‘ کے زیرِ اہتمام ایک تقریب سے بھی خطاب کریں گے۔

آڈیو رپورٹ سنیئے:

XS
SM
MD
LG