رسائی کے لنکس

عالمی معاشی بحران نے تین کروڑ افراد سے روزگار چھین لیا


عالمی مالیاتی فنڈ اور عالمی ادارہ محنت نے اپنی ایک مشترکہ رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ عالمی معاشی بحران کے سبب دنیا بھر میں تین کروڑ سے زائد افراد بے روزگار ہوئے ہیں۔

آئی ایم ایف اور آئی ایل او کی جانب سے جمعرات کو شائع ہونے والی ایک مشترکہ تجزیاتی پورٹ میں بیان کردہ اعداد و شمار کے مطابق حالیہ کساد بازاری کے بعد دنیا میں روزگار سے محروم افراد کی تعداد 21 کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق معاشی بحران سے سب سے زیادہ متاثر ترقی یافتہ ممالک ہوئے جہاں بے روزگاری میں اضافے کی شرح بھی دیگر ممالک کی نسبت زیادہ رہی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سال 2007 سے 2009 تک جاری رہنے والے معاشی بحران نے بڑی معاشی طاقتوں کو متاثر کرنے کے علاوہ ان افراد کی شرح میں بھی اضافہ کیا ہے جو خاطر خواہ آمدنی نہ ہونے کے باعث غربت کا شکار ہیں۔

رپورٹ کے مطابق عالمی افرادی قوت کی سالانہ شرحِ نمو ایک اعشاریہ چھ فیصد ہونے کے باعث دنیا بھر میں ہر سال 45 لاکھ نئی ملازمتوں کے مواقع بہم پہنچائے جانے کی ضرورت ہے تاکہ مارکیٹ میں نئے آنے والے افراد کی کھپت ممکن بنائی جاسکے۔

رپورٹ میں دنیا بھر کی حکومتوں پر طلب میں اضافے کی غرض سے اٹھائے جانے والے سرکاری اقدامات جاری رکھنے اور بےروزگاروں کیلیے مراعات اور نئی ملازمتوں کے مواقعوں کی فراہمی پہ زور دیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG