رسائی کے لنکس

گوڈزیلا کی دھوم، 4 دن میں 20 کروڑ ڈالر کما لئے


ابتدا میں، فلمی پنڈتوں کا اندازہ تھا کہ’گوڈزیلا‘ سات کروڑ ڈالر تک کمانے میں کامیاب ہوگی۔ لیکن، اب اس کی شاندار کامیابی سب کے لئے حیران کُن ہے

غیرمعمولی قدوقامت، جسامت اور سب کچھ تباہ کردینے کی صلاحیت رکھنے والی عجیب و غریب مخلوق پر مشتمل فلمیں ہمیشہ سے پسند کی جاتی رہی ہیں۔ کیا بچے، کیا بڑے سبھی کو اِن فلموں سے دلچسپی ہوتی ہے۔

اس خیال کی تازہ مثال ہے ’گوڈزیلا‘ سیریز کی نئی فلم، جس نے محض 4دن میں دنیا بھر کے باکس آفسز پر لوگوں کی لائنیں لگادیں اور 20 کروڑ ڈالر کمانے میں کامیاب ہوگئی۔

اب اسے سال 2014ء کی سب سے بڑی اوپنر فلم کہا جارہا ہے۔ ’دی ہالی وڈ نیوز‘ کے مطابق، امریکا میں ریلیز ہونے کے بعد ’گوڈزیلا‘ نے ابتدائی ویک اینڈ پر نو کروڑ ڈالر سے زیادہ کا بزنس کیا۔

ابتدا میں فلمی پنڈتوں کا اندازہ تھا کہ’گوڈزیلا‘ سات کروڑ ڈالر تک کمانے میں کامیاب ہوگی، لیکن اب اس کی شاندار کامیابی سب کے لئے ہی حیران کُن بنی ہوئی ہے۔

لیکن۔۔اس ریکارڈ توڑ کامیابی کے باوجود، آنے والے ویک اینڈ پر ’گوڈزیلا‘ کی آمدنی میں کمی کا امکان ہے، کیونکہ ’ایکس مین: ڈیز آف فیوچر پاسٹ‘ ریلیز کے لئے تیار ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ فلم ریلیز کے ساتھ ہی صرف امریکا میں ہی10 کروڑ ڈالر کا بزنس کرلے گی۔
XS
SM
MD
LG