رسائی کے لنکس

لائف ان امریکہ: گولہ گنڈا


لائف ان امریکہ: گولہ گنڈا
لائف ان امریکہ: گولہ گنڈا

بچپن کا وہ منظر آج بھی نہیں بھولتا جب تپتی دوپہر میں ایک گلی کی نکڑ پر بچوں کا ہجوم دیکھا۔قریب جانے پر پتا چلا کہ ایک چھوٹے سے ٹھیلے پر رنگ برنگی شربت کی بوتلیں سجائے ایک شخص لکڑی کے ایک ٹکڑے پر لگے پلیٹ کے ذریعے برف کو باریک کرکے بنا کر بیچ رہا ہے، اور بچے اُن گولوں پر لگے شربت سے لطف اُٹھارہے ہیں۔ نہ گرمی کا ہوش نہ لُو کی پرواہ!

مگر پھر گلی میں ہی ایک گھر سے ماں کی ڈانٹ: ’خبردار، جو گولہ کھایا! گلہ خراب ہوجائے گا!چلو اندر۔‘

یہ ہمارے ملکوں کا ایک عام منظر ہے۔

مگر لچھوں، یعنی ’کاٹن کینڈی‘ کی طرح یہ برف کے گولے بھی امریکی زندگی کا ایک حصہ ہیں۔ اسٹوروں پر سلرپی کی صورت میں برف کا یہ گولہ ہر موسم میں پینے کوملتا ہے۔

لیکن، امریکی ریاست ہوائی میں اِسے ریاست کے نام پر ’ہوائین شیوڈ آئس‘ کہتے ہیں۔ بالکل، برف کے گولے کی طرح۔ اور کھانے کا طریقہ بھی وہی۔

لیکن، یہاں امریکہ میں اِس برف کے گولے یا شیوڈ آئس کی قدروقیمت اُس وقت بڑھ گئی جب خود امریکی صدر براک اوباما یہ گولہ کھاتے پائے گئے۔ یہ بات ہے گذشتہ برس کی۔

صدر اوباما اپنی بچیوں اور اہلیہ مشیل اوباما کے ساتھ اپنی آبائی ریاست ہوائی میں تعطیلات گزار رہے تھے۔ صدر اوباما کرسمس سے پہلے ہی ہوائی پہنچے تھے۔ مگر اِن تعطیلات کے دوران بھی دو بڑے واقعات نے اُنھیں گھمبیر کردیا۔کرسمس کے دِن ہی نائجیریا کے ایک انتہا پسند نے ڈٹرائٹ جانے والی ایک امریکی پرواز کو دھماکے سےاڑانے کی ناکام کوشش کی اور پھر افغانستان میں سی آئی اے کے سات اہل کاروں کی طالبان حملے میں ہلاکت کی خبر—دونوں ہی بے حد سنجیدہ معاملات تھے۔

مگر پھر بھی، صدر اوباما نے کچھ وقت اپنی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ گھومنے کےلیے نکال ہی لیا۔

چناچہ، سنہ 2011کا پہلا دِن، یعنی ’نیو ییئر‘ کے دِن صدر نے ہوائی کا گولہ گنڈا کھانے کا فیصلہ کیا۔اُن کی اہلیہ، بچیاں اور اُن کے کچھ ہائی اسکول کے زمانے کے دوست بھی اُن کے ساتھ تھے۔

صدر نے اِس برف کے گولے، یعنی شیوڈ آئس پر، پھلوں کے رس کے ساتھ ساتھ لیمن لائیم کا اضافہ کیا اور اُسے بالکل ایک عام برف کے گولے کی طرح کھایا۔

فوٹوگرافر بھلا کب پیچھے رہتے ہیں۔ فوراً تصویر بنا لی۔ مگر صدر کی حس ِ ظرافت بھی کچھ کم نہیں۔ اُنھوں نے اِسے ’سِنو اوباما‘ کا نام دیا۔ گویا برف کا گولہ امریکہ میں قومی گولہ گنڈا کہلا سکتا ہے۔

پھر بھلا، چھوٹے بچوں کو کیا روکنا؟

لیکن، اتنا ضرور ہے کہ ا مریکہ میں سخت سردی میں بھی گولہ گنڈا کھایا جاسکتا ہے!

لیکن، اپنے ہاں ایسا کرتے ہوئے ذرہ خیال کیجئے گا، کیونکہ ہوسکتا ہے صفائی ستھرائی کا خیال نہ رہے اور گولہ گنڈا کھانے سے بیماری آن لے۔

آڈیو رپورٹ سنیئے:

XS
SM
MD
LG