رسائی کے لنکس

گولڈن گلوب ایوارڈز: 'دا ڈیسنڈنٹس' بہترین فلم قرار


گولڈن گلوب ایوارڈز: 'دا ڈیسنڈنٹس' بہترین فلم قرار
گولڈن گلوب ایوارڈز: 'دا ڈیسنڈنٹس' بہترین فلم قرار

خاندانی مسائل کے گرد گھومتی 'دا ڈیسنڈنٹس' بہترین فلم کا 'گولڈن گلوب ایوارڈ' لے اڑی ہے جب کہ فلم کے مرکزی کردار جارج کلونی 'بہترین اداکار' قرار پائے ہیں۔

اتوار کی شب امریکی شہر لاس اینجلس میں ہونے والی 'انہترویں گولڈن گلوب ایوارڈ ز' کی تقریب میں بلیک اینڈ وائٹ دور کی خاموش فلم 'دا آرٹسٹ' بہترین مزاحیہ فلم، بہترین مزاحیہ اداکار اور بہترین موسیقی کے ایوارڈز کے تین ایوارڈز کے ساتھ سرِ فہرست رہی۔

'ہالی ووڈ فارن پریس ایسوسی ایشن' کے زیرِ اہتمام ہر سال ہونے والے 'گولڈ گلوب ایوارڈز' کا فیصلہ تنظیم کے لگ بھگ 90 اراکین کرتے ہیں۔

ایوارڈ کی تقریب کی میزبانی مزاحیہ اداکار اداکار رکی گریون نے کی۔ فلم 'دی آئرن لیڈی' میں سابق برطانوی وزیرِاعظم مارگریٹ تھیچر کا کردار نبھانے پر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ میرل اسٹریپ کو دیا گیا جب کہ مارٹن سکورسیس فلم 'ہیوگو' پر بہترین ہدایت کار قرار پائے۔

بہترین اسکرین پلے کا ایوارڈ فلم 'مِڈ نائٹ ان پیرس' کے لیے ووڈی ایلن کے حصے میں آیا۔ بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ فلم 'بگنرز' کے کرسٹوفر پلمر اور بہترین معاون اداکارہ کا فلم 'دی ہیلپ' کی اوکٹاویا اسپنسر نے حاصل کیا۔

اسٹیون اسپل برگ کی 'دی اینڈوینچرز آف ٹِن ٹنِ' سال کی بہترین 'اینی میٹڈ فلم قرار پائی جب کہ بہترین غیر ملکی فلم کا گولڈن گلوب ایوارڈ ایران کی 'اے سیپریشن' نے جیتا۔

واضح رہے کہ 'گولڈن گلوب' ہالی ووڈ کے سالانہ 'ایوارڈ سیزن' کی پہلی بڑی تقریب ہوتی ہےجس کا اختتام فلمی دنیا کے سب سے بڑے ایوارڈز 'آسکرز' پہ ہوتا ہے۔

'آسکرز' کی منتظم 'اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز' 2011ء کے ایوارڈ زکے لیے نامزدگیوں کا اعلان 24 جنوری کو کرے گی۔

XS
SM
MD
LG