رسائی کے لنکس

'گوگل' کے سربراہ شمالی کوریا کا دورہ کریں گے، رپورٹ


'گوگل' کے سربراہ ایرک شمٹ جنہیں انٹرنیٹ تک آزادانہ رسائی کے حق کا سرگرم حامی سمجھا جاتا ہے
'گوگل' کے سربراہ ایرک شمٹ جنہیں انٹرنیٹ تک آزادانہ رسائی کے حق کا سرگرم حامی سمجھا جاتا ہے

'گوگل' کے چیف ایگزیکٹو افسر ایرک شمٹ ممکنہ طور پر رواں ماہ ہی شمالی کوریا جائیں گے۔

اطلاعات ہیں کہ انٹرنیٹ کی صفِ اول کی کمپنیوں میں سے ایک، 'گوگل' کے سربراہ دنیا سے کٹے ہوئے ملک شمالی کوریا کے دورے کی تیاری کر رہے ہیں۔

امریکی خبر رساں ادارے 'دی ایسوسی ایٹڈ پریس' کی ایک رپورٹ کے مطابق 'گوگل' کے چیف ایگزیکٹو افسر ایرک شمٹ ممکنہ طور پر رواں ماہ ہی شمالی کوریا جائیں گے۔

'گوگل' کے ایک ترجمان نے رابطہ کرنے پر دورے کی اطلاعات کی تردید نہیں کی بلکہ اتنا کہنے پر اکتفا کیا کہ افسران کے نجی دوروں پر رائے دینا کمپنی کی پالیسی نہیں۔

واضح رہے کہ ایرک شمٹ انٹرنیٹ تک آزادانہ رسائی کے ایک بڑے حامی اور وکیل سمجھے جاتے ہیں اور اسی لیے ان کے شمالی کوریا کے اس ممکنہ دورے پر بعض حلقوں کی جانب سے حیرت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

یہ حیرت اس لیے ہے کہ شمالی کوریا دنیا کے ان چند ممالک میں غالباً پہلے نمبر پر ہے جہاں اب بھی عوام کو انٹرنیٹ تک آزادانہ رسائی حاصل نہیں اور اس پر حکومت کی جانب سے کڑی پابندیاں عائد ہیں۔

گمان ظاہر کیا جاتا ہے کہ شمالی کوریا کے مراعات یافتہ طبقے سے تعلق رکھنے والے صرف چند ہزار افراد ہی کو انٹرنیٹ تک رسائی میسر ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اپنی تمام تر قدامت پسندی اور آمرانہ حکومت کے باوجود شمالی کوریا 'گوگل' کے لیے ایک اچھی مارکیٹ ثابت ہوسکتا ہے۔

دنیا کا سب سے زیادہ استعمال کیے جانے والے انٹرنیٹ سرچ انجن کی مالک کمپنی 'گوگل' کے اثاثوں کی مالیت کا تخمینہ لگ بھگ 235 ارب ڈالر لگایا جاتا ہے جو شمالی کوریا کی کل قومی پیداوار سے چھ گنا زیادہ ہے۔

یہ قیاس آرائیاں بھی کی جارہی ہیں کہ 'گوگل' کے سربراہ اپنے دورے کے دوران میں دیگر مصروفیات کے علاوہ شمالی کوریا میں قید ایک امریکی باشندے کی رہائی کے لیے بھی کوشش کریں گے۔

کورین نژاد ٹور آپریٹر کینتھ بے امریکی ریاست اوریگان کا رہائشی ہے جسے گزشتہ ماہ شمالی کوریائی حکام نے "ریاست کے خلاف جرم" کا مرتکب ہونے پر حراست میں لے لیا تھا۔ شمالی کوریا کے حکام نے کینتھ کے جرم کی وضاحت نہیں کی ہے۔
XS
SM
MD
LG